یمن : اتحادی طیاروں کی بمباری‘ دھماکہ‘ چالیس افراد جاں بحق‘ موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ‘ ڈائریکٹر سیکورٹی آپریشنز قتل
صنعاء(رائٹرز) یمن کے جنوبی صوبے حاجہ میں بوتلیں بنانے والے پلانٹ پر سعودی اتحادی طیاروں کی بمباری اور دھماکے میں 40 افراد مارے گئے۔ اتحادیوں کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا بم بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا جائے وقوعہ پر اعضاءبکھرے پڑے تھے۔ بعض نعشیں جلی تھیں۔ مارے جانے والے فیکٹری ورکر تھے۔ اتحاد کے ترجمان بریگیڈئر جنرل احمد عسیری نے تردید کرتے کہا شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا۔ یہ بم بنانے والی فیکٹری تھی جہاں حوثی افریقی شہریوں کو تربیت دیتے تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق یہ جنگی جرائم ہیں۔ صنعاءمیں خالی امریکی سفارتخانے کے قریب بم دھماکہ ہوا۔ ادھر موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ڈائریکٹر سکیورٹی آپریشنز کرنل عبدالحکیم کو قتل کر دیا۔