• news

متحدہ مسلم لیگ کا قیام، چوہدری شجاعت آج ذوالفقار کھوسہ سے ملیں گے

لاہور (فرخ سعید خواجہ) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے سلسلے میں (آج) بروز سوموار مسلم لیگ (ن) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر اور سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل چودھری شجاعت کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے چودھری شجاعت نے الیکشن کمشن میں رجسٹرڈ تمام مسلم لیگی دھڑوں کے اہم رہنماﺅں سے ملاقاتوں کا پروگرام بنایا ہے۔ اس وقت الیکشن کمشن کے پاس مسلم لیگ (ن) کے علاوہ 19 مسلم لیگیں رجسٹرڈ ہیں جن میں آل پاکستان مسلم لیگ، متحدہ پاکستان مسلم لیگ (سرفراز گروپ)، پاکستان مسلم لیگ (پاکستان مسلم لیگ فنکشنل، پاکستان مسلم لیگ (حسینی) پاکستان، پاکستان مسلم لیگ (ج)، پاکستان مسلم لیگ (متحدہ)، عوامی مسلم لیگ، پاکستان مسلم لیگ (نظریاتی)، پاکستان مسلم لیگ (قاسم)، پاکستان مسلم لیگ (شیربنگال)، پاکستان مسلم لیگ (زہری گروپ)، پاکستان مسلم لیگ ”ایچ“ حقیقی، پاکستان مسلم لیگ کونسل، پاکستان مسلم لیگ ڈیموکریٹک، پاکستان مسلم لیگ ہم خیال، پاکستان مسلم لیگ (زیڈ)، پاکستان نیشنل مسلم لیگ، پیپلز مسلم لیگ پاکستان شامل ہیں۔ ان مسلم لیگی دھڑوں کے انضمام سے اور کچھ ہو نہ ہو پاکستان کی خالق جماعت کے نام پر اتنے زیادہ دھڑے ہونے کا دھبہ ضرور دور کیا جاسکے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ چودھری شجاعت اگلے چند دنوں میں پاکستان مسلم لیگ کونسل کے سربراہ نعیم حسین چٹھہ، مسلم لیگ (ج) کے صدر محمد اقبال ڈار اور سرپرست حامد ناصر چٹھہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر مشاہد اللہ خان نے مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے کوششوں پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
شجاعت/ ملاقات

ای پیپر-دی نیشن