مودی کو پاکستان کا واضح پیغام ملنے تک خطے پر جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی پر جنگی جنون سوار ہے، وہ گجرات اور دیگر شورش زدہ علاقوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستا ن پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے مگر اسے ذہن میں رکھنا چاہئے کہ اگر اس نے ایسی غلطی کی تو اسے بدترین خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی بہادرافواج کے شانہ بشانہ دشمن سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے تیار ہے۔ مودی ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ پاکستان اب 71ءوالا پاکستان نہیں رہا۔ بھارتی جارحیت خود اس کیلئے تباہی کا پیغام لے کر آئے گی اور نہ صرف کشمیر بلکہ دیگر کئی ریاستیں بھارتی تسلط سے آزاد ہونگی۔ حکمران معذرت خواہانہ رویہ چھوڑ کر جرا¿ت مندانہ پالیسی اختیار کریں۔ بھارت لاتوں کا بھوت ہے باتوں سے نہیں مانے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میںاحباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی پورے بھارت میں اپنے خلاف اٹھنے والی عوامی تحریک کو دبانے کیلئے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ مودی جیسے متعصب شخص کے وزیر اعظم بننے سے بھارت کے نچلی ذات کے ہندوﺅں سمیت مسلمانوں اور عیسائیوں میں ایک خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بھارتی افواج نے 70بار ورکنگ باﺅنڈری کی خلاف ورزی کی، اقوام متحدہ کے مبصرین کے بار بار توجہ دلانے کے باوجود بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو جنوبی ایشیا کی صورتحال سے لاتعلق نہیں رہنا چاہئے اور بھارتی جنگی جنون کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستانی حکومت کی طرف سے مودی کو واضح پیغام نہیں ملتا خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔
سراج الحق