• news

میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ، 47557 امیدواروں کی شرکت

لاہور +گو جرانوالہ(نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام صوبے بھر کے 13شہروں میں قائم 34 امتحانی مراکز پر انٹری ٹیسٹ منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر 47559 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں 31149 طالبات جبکہ 16410طلبہ شامل تھے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم نے بتایاکہ انٹری ٹیسٹ کیلئے صوبے کے 13بڑے شہروں میں 34امتحانی مراکز قائم کئے۔ لاہور میں 6امتحانی سینٹرز قائم کئے گئے تھے۔ جن میں مجموعی طور پر 14404امیدواروں نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 9575 طالبات اور 4830 طلبہ تھے۔ فیصل آباد سے 4757، ساہیوال سے 2434، ملتان سے 6783، بہاولپور سے 2178، رحیم یار خان سے 1434، سرگودھا سے 1821، راولپنڈی سے 5780، حسن ابدال سے 624، گجرات سے 1439، گوجرانوالہ سے 2729، سیالکوٹ سے 1565 جبکہ ڈی جی خان سے 1611امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ اس سال بھی انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کو برقرار رکھا گیا اور طلبہ اپنی جوابی کاربن کاپی کے ذریعے جوابی کلید کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکتے ہیں۔ مزیدبرآں یوایچ ایس نے مختلف کلرکوڈز کے پرچوں کی جوابی کلید اپنی ویب سائٹ www.uhs.edu.pk پر جاری کر دی ہے جس کی مدد سے امیدوار اپنا رزلٹ خود تیارکرسکتے ہیں۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان 10روز میں کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں صرف وہی امیدوار اوپن میرٹ کی بنیاد پر ایڈمیشن فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے جو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے فارمولے کے مطابق 82فیصد یا اس سے زائد مجموعی نمبر حاصل کریں گے۔ ایڈمیشن فارم یکم اکتوبر سے 10اکتوبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ میڈیکل کالجوں کیلئے پہلی لسٹ 30اکتوبر کو لگے گی۔علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا اور سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے انٹری ٹیسٹ کیلئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مراکز لارنس روڈ لاہور پنجاب یونیورسٹی میں قائم سنٹرز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مبشر رضا اور جواد رفیق نے کہا کہ حکومت نے میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے میرٹ اور شفافیت کو معیار مقرر کیا ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کیلئے صوبے کے 13 بڑے شہروں میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں جہاں امیدواروں کی آسانی اور سہولت کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے تین ہزار سے زائد امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیا، انتظامیہ کی جانب سے ناکافی انتظامات کے باعث طلباءطالبات اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سا منا رہا۔ میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کیلئے انتظامیہ نے گورنمنٹ ہائی سکول شیخو پورہ موڑ، گورنمنٹ کالج فار بوائز اور جامع ہائی سکول میں سینٹرز قائم کر رکھے تھے۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث خواتین کتابوں اور کپڑوں کو پنکھا بنا کر جھولتی رہیں۔ اس مو قع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دوسری جانب میڈیکل کالجز میں داخلوں کےلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے موقع پر طلبہ اور والدین دوہرے نظام تعلیم پرپھٹ پڑے‘ طلبہ نے میڈیکل کالجوں میں داخلے کےلئے انٹری ٹیسٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ طلبہ نے کہا کہ اس نظام کے تحت بورڈ ٹاپ کرنے والا بھی داخلے سے محروم رہ سکتا ہے، حکومت ایجوکیشن بورڈکے امتحانات کو مزید فول پروف بنائے۔ طلبہ اور ان کے والدین نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایجوکیشن بورڈکے تحت ہونے والے امتحانات کے بعد انٹری ٹیسٹ کی کوئی ضرورت نہیں رہتی۔

انٹری ٹیسٹ

ای پیپر-دی نیشن