• news

الیکشن ٹربیونلز کے 3ججز کو توسیع نہ دینے کیخلاف درخواست پر تقرری کا نوٹیفکیشن طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پنجاب میں الیکشن ٹربیونلز کے 3 ججزکا ظم علی ملک، جاوید رشید محبوبی اور رانا زاہد محمود کو ملازمت میں توسیع نہ دینے کے خلاف دائر درخواست میں ٹربیونلز کے ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن طلب کرتے ہوئے سماعت2 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزار غلام حسن کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ پنجاب کے تین ٹربیونلز نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے خلاف فیصلے سنائے تو الیکشن کمشن نے ان کی مدت ملازمت میں توسیع سے انکار کردیا جو غیرقانونی اقدام ہے اس سے قبل الیکشن کمشن ٹربیونلز کے ججز کی مدت ملازمت میں 6مرتبہ توسیع کرچکا ہے لہٰذا اس مرتبہ توسیع نہ کرنا بدنیتی ہے کیونکہ الیکشن ٹربیونل کے تینوں ججز کاظم علی ملک نے سردار ایاز صادق، جاوید رشید محبوبی نے خواجہ سعد رفیق اور رانا زاہد محمود نے صدیق بلوچ کو انتخابی عذر داریوں کے کیسوں میں نااہل قرار دے دیا ہے۔ جس کے بعد حکومت کے کہنے پر الیکشن کمشن نے ان ججوں کی ملازمت میں توسیع نہیں دی۔ لہٰذا عدالت ٹربیونلز کے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے کا حکم جاری کرے، عدالت نے درخواست پر ٹربیونلز کے ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن 2ستمبر کو طلب کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن