گنے کے کاشتکاروں کو 10 ستمبر تک ادائیگیاں کی جائیں‘ کسی کو حق مارنے نہیں دونگا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسانوں کی بہتری، ان کے مفادات کا تحفظ اور زراعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ کسان کا مفاد مقدم ہے اس کا ہر قیمت پر تحفظ کروں گا۔ گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں گی۔ کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں نہ کرنے والی شوگر ملوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور 10 ستمبر تک گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیں کسی کو بھی کسان کا حق نہیں مارنے دوں گا۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سول سیکرٹریٹ لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جعلی زرعی ادویات اور جعلی کھاد تیار و فروخت کرنیوالوں کیخلاف بھرپور مہم چلانے اور ستمبر کے آخر میں پنجاب میں کسان کانفرنس منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ معیشت کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے شارٹ ٹرم، میڈم اور لانگ ٹرم اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ زرعی شعبے کی ترقی کا براہ راست فائدہ کاشتکار کو ملنا چاہیے اور جدید زرعی تحقیق کے نتائج بھی کاشتکاروں کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ زراعت کو خواب غفلت سے جاگ کر کاشتکاروں کی خدمت اور مدد کرنا ہوگی۔ زراعت اور لائیو سٹاک شعبوں کے فروغ کے حوالے سے بنیادی نوعیت کی تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ محکمہ زراعت کو فعال اورمتحرک بنانے کیساتھ جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کا بھی خاتمہ کرنا ہوگا۔ 1998ء میں ہم نے پنجاب سے جعلی زرعی ادویات کے ناسورکا خاتمہ کردیا تھا اوراب ایک بار پھر اسی جذبے سے کام کرتے ہوئے پنجاب میں جعلی اور غیر معیاری ادویات اورملاوٹ شدہ اشیاء کیخلاف جاری مہم کی طرز پر جعلی زرعی ادویات کیخلاف بھی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کسان خوشحال ہوگا توزراعت بھی فروغ پائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں نہ کرنیوالی شوگر ملوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ یقینی بنایا جائے گا اورکسی کو بھی کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں زرعی کمیشن کے قیام کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کمیشن میں پنجاب حکومت کے حکام کے علاوہ کسانوں کے نمائندوں، زرعی ماہرین اورتمام سٹیک ہولڈرز شامل ہونے چاہئیں اور زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کو استعمال میں لانا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ زرعی شعبے کی ترقی اورکسانوں کی خوشحالی کیلئے انقلابی اور منفرد انداز سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد کے چچا مہر عبدالخالق اور سینئر صحافی آفتاب کاوش کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔