بلاول 5 ستمبر کو لاہور آئیں گے 11 ستمبر تک ملاقاتوں کا شیڈول جاری
لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی لاہور میں مصروفیات کا شیڈول جاری ہوگیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری 4 ستمبر کی بجائے 5 ستمبر کو لاہور پہنچیں گے۔ 6 ستمبر کو 1 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک وہاڑی اور 4 سے 6 بجے تک ضلع لودھراں میں بلدیاتی پارلیمنٹری بورڈ کے ارکان، ٹکٹ ہولڈرز، تحصیل و ضلعی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ ساڑھے 6 بجے سے 8 بجے رات تک ڈیرہ غازیخان، بہاولپور اور ملتان ڈویژن کے ضلعی عہدیداروں کی ملاقات ہوگی۔ 7 ستمبر کو دوپہر 1 سے 3 بجے بہاولنگر ضلع اور اسکی پانچ تحصیلوں کے عہدیدار، ٹکٹ ہولڈر ملاقات کریں گے۔ شام 4 سے 6 بجے جنوبی پنجاب کی صوبائی اور ایگزیکٹو کونسل کے ممبران ملیں گے۔ اسی روز مختار اعوان اور جنوبی پنجاب کے دیگر پرانے سیاسی کارکن بھی ملاقاتیں کریں گے۔ 8 ستمبر کی دوپہر بلاول بھٹو زرداری میڈیا سے ملاقات کریں گے۔ 3 بجے سہ پہر بلاول ہاؤس میں کسان کانفرنس ہو گی اور کسان وفود بلاول بھٹو سے ملیں گے۔ 9 ستمبر کو ضلع لاہور اور گجرات کے عہدیدار جبکہ 10 اور 11 ستمبر کو سنٹرل پنجاب کے ڈویژنوں اور اضلاع کے عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں کریں گے۔