ہر کسی کو سیاسی جماعت بنانے کا حق ہے‘ جہاں کرپشن ہوگی نیب اپنا کردار ادا کریگا: رانا ثناء
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرکے مسلم لیگ کے نام سے جماعت بنانے کا سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے اعلان پر مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے رہنما و وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ پاکستان جمہوری ملک ہے یہاں ہر کسی کو سیاسی جماعت بنانے کا حق ہے اگر بزرگ رہنما کوئی پارٹی بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں کیا اعتراض ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کا حق نیب کے پاس ہے جبکہ کرپشن کے خلاف رینجرز کی جان سے کی جانے والی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کی مد میں ہونے والی فنڈنگ کو روکنا ہے۔ نیب کرپشن کے خلاف پورے ملک میں سرگرم عمل ہے جہاں کرپشن ہوگی وہاں نیب اپنا کردار ادا کرے گی۔ موجودہ حکومت نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں انتہائی شفاف انداز میں چل رہی ہے۔ سرکاری سطح پر نہ تو کوئی کرپشن ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی سکینڈل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے دور میں مسلم لیگ (ن) پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور انہیں ثابت کرنے کیلئے اس وقت کے بڑے بڑے قانون دان سر جوڑ کربیٹھے لیکن سب ملکرایک بھی الزام ثابت نہ کر سکے۔ گزشتہ دو سالوں سے مسلم لیگ (ن) نے پیپلزپارٹی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا۔