چمن اور طورخم بارڈر پوائنٹس پر ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے بولی، واہگہ کیلئے بین الاقوامی مسابقت عمل کے ذریعے ٹھیکہ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چمن اور طورخم بارڈر پوائنٹس پر ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے ایف ڈبلیواو اور ایل ایل سی کے درمیان بولی کرائی جائیگی جبکہ واہگہ کیلئے بین الاقوامی مسابقت کے عمل کے ذریعے ٹھیکہ دیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ وزیر خزانہ کی صدارت میں اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر خزانہ کی صدارت میں مائیکرو فنانس انویسٹمنٹ کمپنی کے قیام کے بارے میں اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے بتایا ڈی ایف آئی ڈی اور کے ایف ڈبلیو نے مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ اس کے لئے نان بنکنگ ادارہ مائیکرو فنانس انویسٹمنٹ کمپنی قائم کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی ایس ای سی پی اور فنانس ڈویژن تجویز کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے۔ دریں اثناء مربوط ٹرانزٹ ٹریڈ انتظامی سسٹم کے بارے میں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے کہا اس منصوبے کے جائزہ کے لئے خصوصی کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے لاگت کو 300 ملین ڈالر تک کم کیا ہے۔ چمن اور طورخم کے بارڈر پوائنٹس کے لئے این ایل سی اور ایف ڈبلیو او کے درمیان بولی کرائی جائے جبکہ واہگہ کے لئے بین الاقوامی بڈنگ کا عمل شروع کردیا جائے۔ کمیٹی نے دونوں تجاویز کی منظوری دیدی۔