• news

نیشنل ایکشن پلان، حساس اداروں نے ملک بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے جعلی معلومات فراہم کرنے والوں کی تلاش شروع کردی

اسلام آباد(این این آئی) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر تے ہوئے جعلی معلومات فراہم کرنے والوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حساس اداروں نے پاکستان کے مختصر مدت کے ویزے حاصل کر کے آنے اور واپس نہ جانے والے غیر ملکیوں کی تلاش شروع کر دی ہے ، غیر ملکیوں میں امریکی اور برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔بیشتر افراد نے ویزے حاصل کرنے کے وقت غلط معلومات فراہم کیں، ستمبر 2010 سے اپریل 2012میں پاکستان آنے والے 1171غیر ملکیوں کی معلومات غلط نکلیں۔ذرائع کے مطابق غائب ہونے والے افراد ملک میں فرقہ ورانہ دہشت گردی اور افرا تفری پھیلانے میں ملوث ہیں ، ائیر پورٹ پر تعینات سپیشل برانچ کے افسران نے مجرمانہ غفلت برتتے ہوئے غیر ملکیوں کی جانچ پڑتال نہیں کی۔حساس اداروں کی رپورٹ پر 70 کے قریب اہلکاروں کے بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر شعبوں میں تبادلے کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن