• news

عافیہ کی رہائی، وزیراعظم کو وعدہ یاد دلانے کیلئے ’’کاروان غیرت‘‘ اسلام آباد لیکر جائینگے: فوزیہ

کراچی (این این آئی) ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ’’کاروانِ غیرت‘‘ غیرتمندوں کا کارواں ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے اقتدارمیں آنے سے قبل اپنے انتخابی مہم کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے والے اس وقت کے حکمرانوں کو غیرت سے عاری قرار دیا تھا اور قوم سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلوا کر پاکستان لائیں گے لیکن آج میاں نواز شریف خود بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر چشم پوشی اختیار کرچکے ہیں۔ کاروانِ غیرت کا سلسلہ جاری رہے گا اور وزیراعظم میاں نوازشریف کو ان کا وعدہ یاد دلانے کیلئے غیرت مند عوام کا یہ کا روان اسلام آباد بھی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروانِ غیرت میں عوام کا جوش جذبہ قابل تحسین ہے ۔ اب حکمرانوں کو غیرتمند قوم کا غیر تمند حکمران بن کر دکھانا ہوگا۔ پوری قوم امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور پاکستان واپسی کے وعدے کے وفا ہونے کی منتظر ہے ۔ وہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں اورنگی ٹائون سے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء سے مختلف مقامات پر خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے بھی خطاب کیا جبکہ پاسبان پاکستان کے رہنما طارق جمیل و دیگر بھی موجود تھے۔ الطاف شکور نے کہا کہ کاروانِ غیرت ہماری اپنی عزتوں کے تحفظ کا کاروان ہے ۔ یہ کاروانِ غیرت عوام کی عزت کے تحفظ اور حقوق کے لئے میدان عمل میں آیا ہے ۔ کاروان غیرت ریلی کا اورنگی نمبر 5، اورنگی نمبر 12,13، شاہ فیصل چوک ،جوہر چوک ، اکبر شہید چوک اورگلشن بہار میں شاندار استقبال کیا گیا اور ریلی کے قائدین و شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن