• news

پاکستان مشکلات پیدا کر رہا ہے مختصر جنگ کے لئے تیار رہنا چاہئے: بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی

نئی دہلی (اے این این+ آئی این پی) بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سہا گ نے الزام عائدکیا ہے پاکستان کشمیرمیں بدامنی پھیلانے کیلئے نئی چالیں چل رہا ہے، پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے مغربی ہمسائے کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی اور دراندازی ہو رہی ہے، فوج کومزیدچوکس رہناہوگا، بھارت کودرپیش خطرات اور چیلنجز مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں، آئندہ جنگیں طویل نہیں مختصر اورمحدود ہوا کریں گی، فوج کو جنگوں کی بدلتی نوعیت کو مدنظررکھ کرتیاریاں کرناہوں گی۔ 1965ء کی جنگ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے کہا ہم مستقبل میں فوری اورمحدود ہونے والی جنگوں کی نوعیت کے بارے میں بخوبی آگاہ ہیں اوریہ صورتحال فوج کو ہر وقت تیار رہنے کا تقاضا کرتی ہے جبکہ فوج کو جنگوں کی بدلتی نوعیت کو مدنظررکھتے ہوئے آپریشنل تیاریاں کرنا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا بھارت کودرپیش خطرات اور چیلنجزمزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا 65ء کی جنگ نے1971ء کی جنگ میں بھارت کی واضح فتح کیلئے راہ ہموارکی۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدامنی پھیلانے اور بھارت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کیلئے نئے طریقے استعمال کر رہا ہے، بھارتی فوج کو مختصر جنگ کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بار بار سرحدی حدود کی خلاف ورزیاں کرکے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن