صدر ممنون اور جنرل راشد محمود بیجنگ پہنچ گئے، جنگ عظیم دوم میں چینی فتح کی تقریبات میں شرکت کرینگے
بیجنگ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین منگل کو چین کے چار روزہ سرکاری دورہ پر یہاں پہنچ گئے جہاں وہ چینی قیادت سے ملاقات اور جنگ عظیم دوم میں چین کی فتح سے متعلق تقریب میں شرکت کرینگے۔ بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی ڈونگ اور چینی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے صدر کا خیرمقدم کیا۔ بیگم محمودہ ممنون حسین کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فا طمی بھی صدر مملکت کے ہمراہ ہیں۔ صدر مملکت اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے جس میں پاک چینی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ دریں اثناء جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل راشد محمود ’’چینی عوامی جنگ مزاحمت‘‘ کی کامیابی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ دیکھنے کیلئے منگل کو چین کے سرکاری دورے پر پہنچے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے 75 رکنی عملے پر مشتمل پاکستان کی مسلح افواج کا ایک دستہ پریڈ میں شرکت کیلئے پہلے ہی چین میں ہے۔ پریڈ میں شرکت کرنے والے 17 ممالک کی افواج کے دستوں میں پاکستان کا دستہ سب سے بڑا ہے۔