چیئرمین نادرا کی زیرصدارت اجلاس، جعلی شناختی کارڈز کے اجراء میں ملوث ملازمین ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (آئی این پی) نادرا نے جعلی شناختی کارڈز کے اجراء میں ملوث ملازمین کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ منگل کو چیئرمین نادرا عثمان مبین یوسف کی زیرصدارت نادرا کے ڈائریکٹر جنرلزکا اجلاس ہوا جس میں جعلی شناختی کارڈز کے اجراء اور کرپشن میں ملوث ملازمین کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین نادرا نے ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل جلد حل کیے جائیں اور کالی بھیڑوں کو نادرا سے باہر نکالا جائے۔ نادرا ذرائع کے مطابق نادرا کی ویب سائیٹ کے ذریعے عوام کرپشن کی شکایات دیں، چیئرمین نادرا خودشکایات کا جائزہ لیں گے۔