• news

ایس جی ایس، کوٹیکنا ریفرنسز: زرداری کی بریت کی درخواستوں پر سابق ڈپٹی چیئرمین نیب عدالت طلب

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی بریت کی درخواستوں پر سابق ڈپٹی چیئرمین نیب حسن وسیم افضل کو بیان قلمبند کرانے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ دونوں ریفرنسزکا اصل ریکارڈ ہی موجود نہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مصدقہ فوٹو کاپی ریکارڈ پر موجود ہے۔ ریکارڈ کی تصدیق کرنے والے کو عدالت آ کر بتانا چاہیئے۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ میرے موکل کو نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی ان کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے عدالت آصف علی زرداری کو بری کرے۔ احتساب عدالت نے سابق ڈپٹی چیئرمین نیب حسن وسیم افضل کو آئندہ سماعت پر بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت نو ستمبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا عدالت اصلی دستاویزات کے بغیر سزا نہیں سنا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کیس میں کچھ نہیں اس لئے بریت کی درخواست دی گئی ہے۔
زرداری/ ریفرنسز

ای پیپر-دی نیشن