ودہولڈنگ ٹیکس‘ تاجروں کا احتجاج‘ ریلیاں‘ کل یوم بددعا منانے‘ بینکوں سے لین دین نہ کرنیکا اعلان
لاہور + فیصل آباد (کامرس رپورٹر + نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) بنکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجر تنظیموں نے ملک بھر میں احتجاجی کیمپ لگائے اور ریلیاں نکالیں۔ لاہور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں مظاہرے بھی کئے۔ آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی اور نعیم میر گروپوں سمیت دیگر تاجر تنظیموں نے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا۔ اشرف بھٹی، محمد نعیم بادشاہ، صفدر بٹ، چودھری محبوب سرکی، میاںطارق فیروز، آغا عدنان خان، ملک طاہر، شیخ عرفان اقبال، علی نصرت بٹ، بابر اسماعیل بٹ، شیخ اقرار، میاں خلیل زبیر، رضوان بٹ، عظیم سیٹھی، ملک فاروق حفیظ اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔ نعیم میر نے کہا کہ تاجر برادری جائز مطالبات کے باوجود لاچار اور مجبور ہوگئی ہے، ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومتی رویے کیخلاف تاجر برادری کل یوم بددعا منائیگی۔ تاجر جھولی اٹھاکر حکومت، آئی ایف ایم اور ایف بی آر کو بددعائیں دیں گے۔ ہم پرامن احتجاج کرکے نڈھال ہوگئے ہیں اس لئے تاجر برادری نے فیصلہ کیا ہے کہ کل 4ستمبر کو یوم بددعا منائیں گے۔ ہر نماز کے بعد اجتماعی طور پر حکومت، آئی ایم ایف اور ایف بی آر کو بددعائیں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی، بولٹن مارکیٹ، گوجرانوالہ حاجی پورہ، اسلام آباد پریس کلب، ملتان انکم ٹیکس آفس کے سامنے، سکھر مینارہ روڈ، حیدرآباد نیو کلاتھ مارکیٹ، نواب شاہ، راولپنڈی میں احتجاجی کیمپوں کے ساتھ ساتھ ریلیاں بھی نکالی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ملک بھر میں تاجر بنکوں سے لین دین مکمل طور پر بند کریں گے اور 9ستمبر کو ملک گیر ہڑتال ہو گی۔ فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر میں احتجاجی کیمپ لگایا شدید گرمی میںشہر بھر تمام تاجر تنظیموںنے بھر پور شرکت کی، تاجر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نعرے لگاتے اور سینہ کوبی کرتے ہوئے ریلیوں کی صورت میںاحتجاجی کیمپ پہنچے اور بینکنگ ٹرانزیکشن ٹیکس کیخلاف ارکان اسمبلی کی طرف سے چپ کا روز ہ رکھنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ عام انتخاب میں ان سے اپنا حساب بمعہ سود بیباک کردینگے گھنٹہ گھر، آٹھوں بازروں، ملحقہ کاروباری مار کیٹوں اور شہر کے مختلف چوکوں میں بینکنگ ٹرانزیکشن پر عائد0.3 فیصد ٹیکس کٹوتی نا منظور، بجلی وگیس کی قیمتوں میں اضافہ نا منظور اور پٹرول کی قیمت میں کمی بارے عوام سے مذاق بند کرو کے بینرز آویزاں تھے چوک گھنٹہ گھر کے احتجاجی کیمپ میں صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہدرزاق سکا، چوہدری محمود عالم جٹ، حاجی اسلم بھلی ،شیخ محمد فاضل، جاوید ظفر، وحید خالق رامے ، مرزا طالب صدیق بیگ ،چوہدری غلام سرور، خالد جٹ ، رانا سکندر اعظم ،حاجی محمد عابد ، حاجی شمشاد، حاجی سلیمان، یوسف موتی، عباس حیدر شیخ، میاں آصف اسلم، رانا ایوب منج ،مرزا اشرف مغل، اعجاز چوہدری، راﺅ ہاشم ،چوہدری عزیزالرحمن، رانا اکرام اللہ، سیٹھ طفیل، چوہدری محمد اصغر ،یاسین قادری ، ملک رضوان ،لالہ معین شیخ ،چوہدری اسلم اور دیگر نے خطاب میںکہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے تاجر برادری کی قربانیوں اور انکی اس جد و جہد کو بھلا دیا ہے۔ حکومت تاجروں کو دیوار سے لگارہی ہے اور انہیں نواز شریف حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر کرنے پر مجبورکیا جا رہا ہے۔ میانوالی میں انجمن تاجران بلوخیل روڈ اور اردگرد کے بازاروں کے تاجروں نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ریلی نکالی، قیادت عبیداللہ خان غورنی اور دیگر نے کی۔ عبید اللہ غورنی، فلک شیر عوامی، حاجی زمان، زرعادشاہ، حافظ حبیب اللہ نے خطاب کیا۔ عطاءاللہ خان شہباز خیل نے کہا ہے حکومت وقت ظالمانہ ودہولڈنگ ٹیکس کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔
تاجر احتجاج