بھارتی آرمی چیف کا چیلنج قبول : پاکستان مختصر یا طویل کسی بھی جنگ کیلئے تیار ہے : وزیر دفاع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سنہا کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختصر یا طویل کسی بھی دورانیہ کی جنگ کیلئے تیار ہے۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر بھارت کی قیادت پر جنگی جنون سوار رہا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ واضح رہے جنرل دلبیر نے دو روز پہلے ایک سیمینار میں کہا تھا کہ بھارتی فوج کو مختصر جنگوں کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے قلیل یا طویل مدت جنگ مسلط کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان مسلح افواج نے 1965ءمیں بھارتی فوج کے عزائم خاک میں ملا دیئے تھے اب وہ زیادہ تجربہ کار اور پیشہ وارانہ فوج ہے۔ ہماری فوج کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف امن پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر ملکی بقا کا مسئلہ درپیش ہوا تو ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
خواجہ آصف