چین: جنگ عظیم میں جاپان پر فتح کی تقریب، شاندار پریڈ، 3 لاکھ فوج کم کرنیکا اعلان
بیجنگ (آن لائن+ اے ایف پی+نوائے وقت رپورٹ) چین میں دوسری جنگ عظیم کے 70 سال مکمل ہونے اور جاپان کے خلاف فتح پر ایک شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چینی صدر نے پیپلز لبریشن آرمی کی تعداد میں تین لاکھ تک کمی کرنے کا اعلان کیا۔ یوم فتح پریڈ کی تقریب میں صدر پاکستان ممنون حسین، روسی صدر ولادی میر پیوٹن سمیت 30 مختلف ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔ چینی حکومت نے یوم فتح تقریب کے پیش نظر چند دن پہلے ہی تمام تفریحی پروگراموں پر پابندی لگا دی تھی جبکہ تمام ٹی وی چینلوں پر جاپان مخالف جنگی ڈراموں اور دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔ پریڈ کے دوران اپنے ابتدائی خطاب میں چینی صدر شی چن پنگ نے اپنے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’چینی عوام نے انتہائی ثابت قدمی سے جاپان کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور انہیں شکست دی۔ انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی فوج پیپلز لبریشن آرمی جو 23 لاکھ فوجیوں پر مشتمل ہے میں تین لاکھ کی کمی کرنے کا بھی اعلان کیا۔ تاہم انہوں نے اس کمی کے لیے مقررہ وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ بیجنگ کے تینامن سکوائر میں ہونے والی اس پریڈ میں تقریباً 12 ہزار فوجیوں نے حصہ لیا اور اس کے ساتھ ساتھ 200 لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔ پریڈ میں چین نے پہلی مرتبہ 80 فی صد سے زائد ہتھیاروں کو عوام کے سامنے نمائش کے لیے پیش کیا۔ دوسری جانب امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور جاپان سمیت کئی دوسرے ممالک کے سربراہان نے اس پریڈ میں شرکت نہیں کی۔ پاک فوج کے 75 رکنی دستے نے قومی پرچم تھامے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل طیب کی قیادت میں فوجی پریڈ میں شرکت کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بھی پریڈ دیکھی۔دریں اثناءصدر ممنون حسین نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم چنگ گاﺅلی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان چین دوستی غیرمعمولی اہمیت کی حامل اور دوسروں کے لیے مثال ہے۔ دوسری جنگ عظیم کی فتح کی تقریبات میں شرکت پر خوشی ہے۔ اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے ساتھ خطے کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ چینی ایگزیکٹو نائب وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چین تعلقات کے مزید فروغ کے لیے صدر ممنون حسین کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
چین/ پریڈ