سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی
کراچی (این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ ہائر ایجوکیش کمشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے رینجرز کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ کی موجودگی میں طبی ٹیسٹ کروائے جائیں۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ نے ڈاکٹر عاصم کی ہسپتال منتقلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ ان کے شوہر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں لہذا انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا جائے۔ رینجرز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کوئی بڑا شخص گرفتار ہو جائے تو کیا اسے ہسپتال میں داخل کرا دیں؟ رینجرز کے ڈاکٹرز بہتر نگہداشت کر رہے ہیں، تمام ٹیسٹ نجی ہسپتال کی لیبارٹری سے کروائے گئے، ایک سپیشلسٹ اور دو نرسیں 24 گھنٹے ڈاکٹر عاصم کی نگرانی کر رہے ہیں۔کسی کی خواہش پر ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال کے بستر پر نہیں لٹا سکتے، وہ ہماری تحویل میں ہیں، انہیں کچھ ہوتا ہے تو ہم ذمہ دار ہونگے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست نمٹا دی۔