• news

پاکستان سپر لیگ: سری لنکن‘ ویسٹ انڈین‘ کیویز‘ جنوبی افریقن‘ انگلش کرکٹرز کھیلنے کیلئے تیار

لاہور(سپورٹس رپوٹر+ نمائندہ سپورٹس)آئندہ سال4سے 24 فروری تک ہونے والی پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں ویسٹ انڈین کیرون پولارڈ اور سری لنکن تلکارتنے دلشان سمیت متعدد سٹارز شرکت کریں گے۔فروری 2016 میں ہونے والی لیگ میں پولارڈ سمیت پانچ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے ساتھ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ لیگ کے انعقاد کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو صف اول کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھلانا اور انہیں ایک مسابقتی فضا فراہم کرنا ہے جس سے قومی کھلاڑی 2009 سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے محروم ہیں۔پاکستان نے 2013 میں پہلی مرتبہ باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن دو مرتبہ ملتوی کرنا پڑا‘تاہم مالی مسائل سے دوچار بورڈ نے اسے آئندہ سال قطر میں منعقد کرانے کا حتمی فیصلہ کیا۔ اب تک پانچ ویسٹ انڈین، تین سری لنکن، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دو دو جبکہ ایک آسٹریلین کھلاڑی نے لیگ میں شرکت پر رضامندی کی ہے۔نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے منصوبوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 40 غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور ان میں 25 کو لیگ کیلئے سائن کیے جانے کی توقع ہے۔ ان میں 15 دنیا کے ورلڈ کلاس کھلاڑی ہوں گے۔لیگ میں ممکنہ طور شرکت کرنے والے نامور کھلاڑی یہ ہوں گے۔ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، ڈیوین براوو، ڈیوین سمتھ اور سیمیول بدری‘سری لنکاکے تلکارتنے دلشان، اجنتھا مینڈس اور تھسارا پریرا‘نیوزی لینڈ کے جیمز فرینکلن اور گرانٹ ایلیٹ‘ جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی اور روبن پیٹرسن‘انگلینڈکے مائیکل کاربیری اور ٹم بریسنن ‘آسٹریلیاکے بریڈ ہوج ۔پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس ہو ا جس کی صدارت نجم سیٹھی نے کی اور لیگ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ٹورنامنٹ کرانے کیلئے کافی پرعزم دکھائی دیتے ہیں ۔پاکستان سپر لیگ کیلئے کم از کم 25غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن