سزا یافتہ کرکٹرز کی قومی‘ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی جگہ نہیں: ہارون رشید
کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ پابندی کے خاتمہ کے باوجود سزا یافتہ تینوں کرکٹرز کا فوری طور پر قومی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی جگہ نہیں۔ کراچی پریس کلب کے خصوصی دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر‘ محمد آصف اور سلمان بٹ طویل عرصہ کے بعد کرکٹ کھیلیں گے اگر کوئی کھلاڑی صرف ایک سیزن میں آئوٹ ہوجائے تو اس کی کارکردگی پر اثر پڑتا ہے یہ تینوں تقریباً پانچ سیزن کے بعد میدان میں آئیں گے اس لئے ان کو اپنی تکنیک کو بہتر بنانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہوگا جبکہ ان تینوںکے فوری طور پر نیشنل کرکٹ میں آنے سے اس وقت کھیلنے والے کھلاڑی بددل ہونگے۔ تینوں کھلاڑیوںکو واپسی کیلئے ساکھ بنانی ہوگی۔ میں سمجھتا ہوں انکو ’’صفر‘‘ سے کرکٹ شروع کرناہوگا۔ فی الحال ان تینوں کرکٹرز کا زمبابوے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میںکھیلنے کا کوئی چانس نہیں اور وہ پاکستان سپر لیگ بھی نہیں کھیلیں گے۔