وفاق کا طرز سیاست نہیں بدلا‘ بلوچستان کے وسائل لوٹے جارہے ہیں: اختر مینگل
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ ورکن صوبائی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے محلات قربتوں کو فاصلوں میں تبدیل کر دیتے ہیں وفاق کے طرز سیاست میںکوئی تبدیلی نہیں آئی موجودہ حکمرانوں نے قوم پرستی اور اہل بلوچستان کو اپنے اقتدار پر قربان کر دیا ہے اہل اقتدار بلوچستان کو سونے کی چڑیا سمجھتے ہیں اور ہر کوئی اپنی استعدادکے مطابق اس کے ’’پر‘‘ نوچ رہا ہے گوادرکاشغر منصوبے پر مائنس بلوچ فارمولا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہلکان ہونے والے خود اس بات کا جواب دیں کہ کیا انہوں نے بلوچستان کے مسائل کو حل کیا ہے ہماری نظر میں ان حکمرانوں کے مسائل کے حل کیلئے نہیں بلکہ مسائل کو مزید پیچیدہ کرنے کیلئے لایا گیا ہے۔ وسائل کو جس بے دردی سے لوٹاگیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔