قوم 65ء کی طرح ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے: حافظ سعید
لاہور/ شاہکوٹ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسی مذموم حرکتیں کر کے پاکستان کو دبائو میں لانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ پاکستانی قوم 1965ء کی طرح بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بھارت سرکار سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر بھارتی دہشت گردی بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت نے اگر پاکستان پر حملے کی غلطی کی تو یہ اسکی آخری غلطی ہو گی، قوم فیصلہ کن معرکے کیلئے تیار اور متحد ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ جلد غاصب بھارت کو یہاں سے نکلنا پڑے گا۔ گزشتہ روز جماعۃالدعوۃ شیخوپورہ کے زیر اہتمام میرواعظ پارک ریگل چوک شخوپورہ میں کارکنوں کی تربیتی نشست اور شاہکوٹ میں دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ جب سے نریندر مودی اور بی جے پی نے بھارت میں اقتدار سنبھالا ہے وہ مسلسل پاکستان کے اندر اور سرحدوں پر جنگ کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ سیاسی و عسکری قیادت کو سنجیدگی سے غور وفکرکرکے دفاعی حکمت عملی مرتب کرنی چاہئے۔پوری پاکستانی قوم اللہ کے فضل وکرم سے انکی پشت پر کھڑی ہے۔ اگر بھارت حریت رہنمائوں سے ملاقات کا بہانہ بنا کر مذاکرات منسوخ اور سرحدوں پرشیلنگ کرتا ہے تو پاکستانی حکومت کو بھی کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کرنی چاہئے۔ دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے اس بنیادی نظریہ پر عمل کئے بغیر ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ شاہکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا،بھارت 71ء والے خواب دیکھنا چھوڑ دے سانحہ مشرقی پاکستان ہمارے دلوں پہ نقش ہے یوم دفاع تجدید عہد جہاد کا دن ہے جنگ ستمبرکی طرح قوم بیدار ہو چکی ہے۔ بھارتی فوج کے گندے قدم پاک سر زمین پر نہیں پڑنے دیں گے اس بار میدان جنگ ہندوستان بنے گا۔ بھارت پاکستان سے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ حکمران آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے مظالم سے دنیا کو آگاہ اور اس کا مذموم چہرہ بے نقاب کریں۔ لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مخالف فلم ’’فینٹم‘‘ پرپابندی لگا کر جرات مندانہ فیصلہ کیا۔