• news

لوڈشیڈنگ برقرار، پنڈی بھٹیاں میں شہریوں کا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی برقرار رہا جس پر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ مٹھہ ٹوانہ سے نامہ نگار کے مطابق مٹھہ ٹوانہ کے تاجروں نے گزشتہ روز غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا جسکی وجہ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہوکر رہ گیا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ اووربلنگ کرکے لوگوں کی چیخیں نکال دی گئی ہیں۔ صورتحال درست نہ ہوئی تو لوگ سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ دن اور رات کے دوران بجلی کی کئی کئی گھنٹے بندش سے کاروبار متاثر ہونے لگے جبکہ پاور لومز انڈسٹری سے وابستہ مزدور معاشی بدحالی کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن