کراچی: پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو ہلاک، سرچ آپریشن، 156 ملزم گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ایم اے جناح روڈ پر جامعہ کلاتھ مارکیٹ کے نزدیک پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر دو راہگیر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکو راہگیروں کو لوٹ رہے تھے۔ جبکہ کورنگی میں دو ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے مارے گئے ڈاکوئوں کا اسلحہ اور موٹر سائیکل پولیس نے قبضے میں لے لی۔ ادھر رینجرز نے گلشن اقبال بلاک 13ڈی میں کارروائی کرتے ہوئے چائنہ کٹنگ کے ماسٹر مائنڈ چنو ماموں کے قریبی ساتھی انجم کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 6ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ کراچی کے ایسٹ زون کے مختلف علاقوں میں پولیس سرچ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ میں 156ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 141موٹر سائیکلیں بھی قبضے میںلے لی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں نیوی اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم اصغر نیوی اہلکار فیاض کے قتل کیلئے نامزد ہے۔ علاوہ ازیں سوئی سدرن گیس کمپنی کے روپوش افسران کام پر واپس آگئے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے 3 افسروں کی گرفتاریوں کے بعد کئی افسر گھبرا کر روپوش ہوگئے تھے، ایم ڈی سوئی سدرن خالد رحمان کے مطابق گرفتاریوں سے اعلیٰ افسروں میں خوف ہے، جن افسروں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے، جب تک الزام ثابت نہ ہو ہمارے افسر بے گناہ ہیں۔ مزید براں ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل اور غیر قانونی طریقے سے جائیدادیں بنانے کے معاملے پر 4 ماہ قبل شروع ہونیوالی تحقیقات اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ مزید براں عام شہریوں کی فیملی ٹری میں غیر ملکیوں کو ڈالنے کے اندراج کے مزید انکشاف ہوئے ہیں۔ کراچی میں افغان شہری شیر محمد کو علیم سید کی فیملی ٹری میں ڈال دیا گیا جس پتے کا اندراج دیکھ کر ہوش اڑ جائیں۔ شہری کا محلہ چمن آباد کالونی، گلستان جوہر کلفٹن کینٹ ڈال دیا گیا۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیمیں اس پتہ کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھک گئیں۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق ایسا لگتا ہے نادرا میں کالی بھیڑوں نے جلدبازی میں کام کردیا۔