چوہدری نثار لندن سے وطن واپس پہنچ گئے آج وزیراعظم سے ملاقات کرینگے
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان لندن کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو وطن واپس پہنچ گئے، چوہدری نثار (آج) وزیراعظم سے ملاقات کرکے اپنے دورہ لندن کے حوالے سے بریفنگ دیں گے، ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری اور اس حوالے سے رینجرز کی رپورٹ بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے لندن کے بعد اٹلی کے دورے پر جانا تھا تاہم دیگر سرکاری مصروفیات اور ملکی حالات کے پیش نظر دورہ منسوخ کر دیا۔ لندن میں وزیر داخلہ کی مصروفیات میں اپنی برطانوی ہم منصب تھریسامے، برطانوی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کم دار وچ اور برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کے علاوہ پاکستانی ہائی کمشن کے اہلکاروں سے بھی اہم ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی کے شعبے میں جاری دو طرفہ تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات و کردار اور دونوں ملکوںکے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے اپنے دورہ کے دوران بھارتی اشتعال انگیزیوں اور سازشوں کو بے نقاب کیا‘ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی اصولی موقف کا اعادہ کیا۔