انتخابی ٹربیونلز کے ججوں کی ملازمت میں توسیع نہ کرنے کیخلاف درخواست‘ جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے پنجاب کے تین الیکشن ٹربیونلز کو مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمشن نے وفاقی حکومت کی منشا کے مطابق تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں کئی مرتبہ اضافہ کیا۔ کاظم علی ملک پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے سردار ایاز صادق، جاوید رشید محبوبی پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے خواجہ سعد رفیق اور رانا زاہد محمود پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے صدیق بلوچ کے حلقوں میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے دیئے جس کی بنا پر وفاقی حکومت کے کہنے پر الیکشن کمشن تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع نہیں کر رہا۔ تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت 31 اگست کو ختم ہو چکی ہے۔ الیکشن کمشن کو ٹربیونلز کی مدت کی معیاد مقرر کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ زیر التوا انتخابی عذر داریاں نمٹانے تک تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع کے احکامات صادر کیے جائیں۔