• news

بہاولپور اور قصور میں سزائے موت کے 4 مجرموں کو پھانسی، ساہیوال میں ایک کو کل ہو گی

بہاولپور/ قصور/ ساہیوال/ وہاڑی (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) بہاولپور قصور میں سزائے موت کے 4 مجرموں کو پھانسی، ساہیوال میں ایک کو کل ہو گی۔ نیو سنٹرل جیل بہاولپور میں علی الصبح سزائے موت کے تین مجرموں محمد خان، محمد بوٹا اور فقیر محمد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ جیل کے باہر اور ارد گرد سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ محمد خان جو چشتیاں ضلع بہاولنگر کا رہائشی تھا اس نے 1995ء میں عبدالمالک کو رنجش کی بنیاد پر قتل کیا تھا جبکہ محمد بوٹا ہارون آباد کا رہائشی تھا 2003ء میں صوفیہ بی بی کو قتل کیا تھا۔ فقیر محمد اسلام گڑھ ضلع رحیم یار خان کا رہائشی تھا اس نے 2004ء میں 11 سالہ لڑکے سے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد اسے قتل کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیو سنٹرل جیل حکام کے مطابق ڈسٹرٹ اینڈ سیشن جج بہاولنگر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رحیم یار خان نے موت کی سزا پانے والے ان مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے۔ ڈسٹرکٹ جیل قصور میں گزشتہ روز اغوا کے بعد قتل کرنے کے جرم میں ایک قیدی کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم مقبول احمد نے 2002ء میں مصطفی آباد لاہور کے ایک شہری حبیب کو اغوا کیا اور اسکے ورثاء سے حبیب کی رہائی کے عوض دس لاکھ روپے تاوان حاصل کرنے کے باوجود اسے قتل کر دیا تھا، تمام رحم کی اپیلیں خارج ہونے کے بعد اسکے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوئے۔ علاوہ ازیں سنٹرل جیل ساہیوال میں سزائے موت کے قیدی کو 5 ستمبر کو پھانسی دی جائے گی۔ مجرم صادق وٹو نے 1999ء میں زمین کی تقسیم پر محمد عباس کو قتل کر دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج صہیب احمد رومی صاحب نے مجرم کو سزا سنائی۔ مجرم کو 5 ستمبر صبح ساڑھے پانچ بجے تختہ دار پر لٹکانے کا حکم سپرنٹنڈنٹ جیل گلزار بٹ کو موصول ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وہاڑی غفار جلیل نے دو مختلف مقدمات میں 3 مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔ 2 مجرمان کو 9 ستمبر جبکہ تیسرے کو 10 ستمبر کو ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی میں پھانسی دی جائے گی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق تھانہ گگو منڈی کے چک نمبر 231 ای بی کے 2 بھائیوں محمد بشیر اور محبت علی نے 4 مئی کو 2001ء کو رقبہ کے تنازعہ پر 2 سگے بھائیوں محمد یوسف اور محمد یونس کو ڈنڈوں کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج عرفان عابد سعید نے 30نومبر 2002 ء کو سزائے موت سنائی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دونوں بھائیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں اور ان کو 9 ستمبر کی صبح ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ تھانہ سٹی وہاڑی کے آصف نے معمولی تنازعہ پر 23 جولائی 1998 کو ہمسایہ کو قتل کر دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج افضال شریف کاظمی نے 23 دسمبر 2000ء کو سزائے موت سنائی ملزم کی 17 جنوری 2006ء کو ہائیکورٹ نے اپیل خارج کی تھی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غفار جلیل نے مجرم کے ڈیتھ واننٹ جاری کر دئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن