اقتصادی راہداری کی حفاظت یقینی بنائی جائیگی‘ اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے : وزیراعظم‘ آرمی چیف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ آن لائن) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں داخلی اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا خصوصاً سرحدی صورتحال پر غور کیا گیا، ملاقات میں پاکستان چین اقتصادی راہداری کے تحفظ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو اقتصادی راہداری منصوبہ برداشت نہیں ہو رہا، ملاقات میں اقتصادی راہداری منصوبوں کی حفاظت کو ہر ممکن طور پر یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا، آپریشن ضرب عضب اور دیگر امور پر بات کی گئی، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان ہر طرح سے اقتصادی راہداری منصوبہ کی کامیابی کے ساتھ تکمیل چاہتا ہے، جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اس کیلئے وفاقی حکومت تمام مواقع فراہم کرے گی، ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کو تیز کرنے کے حوالے سے سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، ملکی اندرونی صورتحال، پاک افغان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ورکنگ باﺅنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی، آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے منصوبے کے خلاف ہونے والی اندرونی و بیرونی ہر سازش کو ناکام بنانے کا عزم کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری منصوبہ پاکستان سمیت پورے خطے کی ترقی کا ضامن ہے منصوبے کی راہ میں روڑے اٹکانے والے دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے، راہداری منصوبے پر کسی قسم کی سودہ بازی قبول نہیں کریں گے۔ پاک فوج راہداری منصوبے سے متعلق تمام تر سکیورٹی اقدامات اٹھائے حکومت فوج کو تمام وسائل فراہم کرے گی۔ آپریشن ضرب عضب، کراچی آپریشن اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی حفاظت کیلئے فوج نے الگ فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کررکھا ہے۔
وزیراعظم/ آرمی چیف