• news

پنجاب میں گیس سے 36 سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنیکی منصوبہ بندی کر لی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف برطانیہ میں میڈیکل چیک اپ کے بعد گزشتہ روز واپس وطن پہنچ گئے۔ انہوں نے لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبے میں توانائی منصوبوں خصوصاً گیس سے بجلی کی پیداوار کے پراجیکٹس کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبوں کے لئے جتنی سنجیدہ کاوشیں کی ہےں اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ توانائی بحران سے نمٹنے کےلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گیس، ہائیڈل، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے جبکہ گیس سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے جس کے تحت پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200 میگاواٹ کا گیس پاور منصوبہ شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں لگا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت 1200میگا واٹ کا گیس پاور کا ایک منصوبہ بلوکی اور 1200میگا واٹ کا گیس پاور کا منصوبہ حویلی بہادر شاہ ،جھنگ میں لگائے گی۔ گیس سے بجلی کے حصول کے لئے تینوں منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹس تیار ہو چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے حوالے سے تمام ضروری امور جلد سے جلد طے کئے جائیں کیونکہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جہاں بھی وقت بچ سکے، بچایا جائے۔ شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل ہماری پالیسی کا بنیادی جز ہے۔ 2017 تک توانائی کے متعدد منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ و سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالجبار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن