بھارت کی چپراڑ سیکٹر پر فائرنگ‘ گولہ باری‘ جنگ مسلط ہوئی تو 65ءکی طرح سبق سکھا دینگے : ائر چیف مارشل
سیالکوٹ+ پسرور + سرگودھا (نامہ نگار + نیوز ایجنسیاں) چپراڑ سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے لوگوں کے مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پنجاب رینجرز نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے دشمنوں پر واضح کیا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو 1965ءکی طرح دشمنوں کو سبق سکھا دینگے، فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر دم تیار ہے، دشمن جانتا ہے کہ اس کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے پانچ روز کے بعد دوبارہ سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے چپراڑ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی۔ لوگوں کے گھروں میں بھی مارٹر گولے گرے جس سے چھتوں میں سوراخ ہوگئے، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ گزشتہ کئی ماہ سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں متعدد شہری شہید اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق ورکنگ باﺅنڈری کے پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق آر ایس پورہ سیکٹر جموں میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے اچانک کچھ راﺅنڈ فائر کئے جو ان کے اپنے علاقے میں واقع ٹیوب ویل پر لگے جس سے ٹیوب ویل اور اس کے قریب مکان کو شدید نقصان پہنچا تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز سرگودھا میں یادگار شہدا کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان کی فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر دم تیار ہے ۔ پاکستان کی فضائیہ دنیا کے کسی ملک کی فضائیہ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جانتا ہے کہ اس کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہوں گے اگر جارحیت مسلط کی گئی تو 1965کی طرح سبق سکھا دیں گے۔ پاک فضائیہ ملک کے انچ انچ کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہے پاک سرزمین کیخلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 65ءکی جنگ میں پاک فضائیہ کے جوان جرا¿ت و بہادری کی عظیم داستانیں چھوڑ گئے۔
بھارتی فائرنگ/ گولہ باری