میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان
لاہور (نیوز رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ مجموعی طور پر 46885 امیدواروں نے 30 اگست کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں سے 19283 نے 60 فیصد اور اس سے زائد نمبر حاصل کئے۔ 6891 امیدواروں نے 50 سے 59 فیصد نمبر جبکہ 6490 نے 40 سے 49 فیصد نمبر حاصل کئے۔ 14221 امیدواروں نے 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کئے۔ انٹری ٹیسٹ میں لاہور کی نور الصبح احمد نے 1100 میں سے 1076 نمبر حاصل کرکے پہلی لاہور ہی کے محمد حسن نوید اور فیصل آباد کی سمبیہ جاوید نے بالترتیب 1065 اور 1059 نمبر حاصل کرکے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انٹری ٹیسٹ میں اہل قرار پانے والے امیدوار 20 سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 3405 ایم بی بی ایس اور 216 بی ڈی ایس سیٹوں کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایڈمیشن فارم یکم اکتوبر سے مفت دستیاب ہوں گے۔ ایسے امیدوار جنہوں نے پی ایم ڈی سی کے فارمولے کے مطابق کم از کم 82 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کئے ہیں وہ اوپن میرٹ پر داخلے کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اکتوبر ہو گی۔ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے پہلی لسٹ 30اکتوبر کو آویزاں کی جائے گی جبکہ میڈیکل کالجوں میں کلاسز کا آغاز 16نومبر سے ہو گا۔