• news

نیب کی گوجرانوالہ میں کارروائی، لیگی ایم این اے کے کزن سمیت 7 افراد گرفتار

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں نیب نے بااثر افراد کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں طارق محمود کے کزن طارق اشرف کو اراضی سکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کوآپریٹو سوسائٹی میں کروڑوں روپے کے فراڈ میں 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی کرپشن و اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا، حاضر اور سابق افسروں اور سوسائٹی کے عہدیداروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ ملزمان نے سوسائٹی بنانے کیلئے مہنگے داموں زمین خریدی جس میں بڑے پیمانے پر کمیشن لی اور سوسائٹی کے فنڈز کو ذاتی فوائد کیلئے بھی استعمال کیا، بڑے پیمانے پر شہریوں سے فراڈ کیا گیا۔ گرفتار ملزموں میں اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ چوہدری فخرالزماں، سوسائٹی کے سابق صدر یعقوب لونہ، زمین خریداری کا سابق ممبر طارق اشرف خان، سوسائٹی کا موجودہ سیکرٹری میاں غلام علی، فنانس سیکرٹری ذکاء اللہ بھٹی، نوید شوکت اور احمد صدیق شامل ہیں۔ ملزموں کو آج عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہری رانا غلام مصطفی نے نیب حکام کو درخواست دی تھی کہ گوجرانوالہ میں واقع کینال سٹی (اریگیشن سوسائٹی) کی انتظامیہ پلاٹوں کی مد میں اکٹھے کئے گئے تیس کروڑ روپے ہڑپ کررہی ہے۔ ملزموں کو اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن