اینٹی کرپشن کورٹس میں زیرسماعت مقدمات کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
لاہور (شہزادہ خالد) سرکاری اداروں میں بدعنوانی بڑھنے سے اینٹی کرپشن کورٹس میں زیرسماعت مقدمات کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔ زیرالتوا مقدمات چار ہزار کی حد عبور کرتے ہوئے 4025 ہو گئے ہیں۔ لاہور کی تمام اینٹی کرپشن کورٹس میں ماہانہ ایک ہزار سے زائد کیس دائر ہو رہے ہیں جبکہ ہر ماہ 600 سے 700 مقدمات کے فیصلے ہوتے ہیں۔ جنوری 2015ء میں 39، فروری 43 اور مارچ میں 30 فیصد کیس دائر ہوئے۔ انصاف کی تیز ترین فراہمی کیلئے بنائی گئی جوڈیشل پالیسی پر عملدرآمد نہ ہونے سے مقدمات تاخیر کا شکار ہیں۔ اینٹی کرپشن کورٹ میں رشوت کے ایک کیس کا فیصلہ پانچ برس بعد کیا گیا جبکہ رشوت لینے والا اہلکار اس عرصہ میں ریٹائر بھی ہو چکا ہے۔ لاہور کے نواحی اضلاع کے کیس بھی لاہور میں سماعت کیے جاتے ہیں جس سے لاہور کی عدالتوں پر اضافی بوجھ ہے اور سائلوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسرے شہروں سے آنے والے سائلوں کا کہنا ہے کہ ہرضلع میں اینٹی کرپشن کورٹ بنائی جائے تاکہ تیز ترین انصاف ہو سکے۔