ترکمانستان نے پاکستان‘ افغانستان اور بھارت کیلئے گیس منصوبے پر کام شروع کر دیا
اشک آباد (ترکمانستان) (اے ایف پی) ترکمانستان نے پاکستان، افغانستان اور بھارت کے لئے گیس منصوبے (تاپی) پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ اس نے 1800 کلومیٹر لمبے گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ ترکمان گز سٹیٹ کارپوریشن کے انسٹیٹیوٹ آف آئل اینڈ گیس کے سپیشلسٹوں نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کا آغاز کیا۔ سرکاری اخبار نیوٹرل ترکمانستان کے مطابق پائپ لائن کی تعمیر کا کام دسمبر میں شروع ہوجائے گا۔ فی الحال انجینئرنگ اور سروے کا کام کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ افغانستان کی صورتحال کے باعث تاخیر کا شکار ہوتا رہا ہے۔گزشتہ ماہ چاروں ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ ترکمان گاز 10 ارب ڈالر کے منصوبے کے کنسورشیم کی قیادت کرے گا۔