• news

قائمہ کمیٹی ہائوسنگ کا اجلاس، وفاقی وزیر اکرم درانی کی عدم شرکت پر ارکان کی برہمی

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ کے چیئرمین و ارکان نے وفاقی اکرم درانی کی اجلاس میںعدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیرکمیٹی کے گزشتہ تین اجلاسوں میں شریک نہیںہوئے اگرآئندہ اجلاس میں بھی نہ آئے تو معاملہ قائمہ کمیٹی برائے قواعدوضوابط میں لے جائیںگے، سیکرٹری وزارت ہائوسنگ 2009 سے 2015 کے دوران مختلف ہائوسنگ سکیموںکی مد میںجمع ہونے والی رقم کی تفصیلات اور اس پر وصول کیے گئے منافع بارے سوال کا جواب بھی گول کرگئے، قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں بتایا جائے کہ مذکورہ رقم کون سے بینکوں میں رکھی گئی اور اب تک اس پر کتنا منافع وصول کیا ہے۔ جمعہ کوقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ کا اجلاس چیئرمین حاجی محمد اکرم انصاری کی صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ اجلاس میں وزارت ہائوسنگ کی طرف سے بہارہ کہو ہائوسنگ سکیم اور سرکاری ملازمین کو گھروں کی الاٹمنٹ بارے بریفنگ دی گئی، سیکرٹری وزارت شاہ رخ ارباب نے کمیٹی کو بتایا کہ بہارہ کہو ہائوسنگ سکیم فیز 6 اسلام آبادکیلئے 3153 کنال سات مرلے زمین خریدی گئی اس سکیم کیلئے 32ہزار سے زائد سرکاری ملازمین نے درخواستیںجمع کرارکھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قانون پیچیدگیوں کی وجہ سے پانچ سال کی تاخیر کے بعد کامیاب درخواست دہندگان کوالاٹمنٹ لیٹر جاری کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے کہا کہ بہارہ کہو ہاوسنگ میں الاٹمنٹ کا طریقہ کار پہلے آئو پہلے پائو کی بنیاد پر رکھا گیا ہے اور 2469 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔ قبل ازیں قائمہ کمیٹی کا اجلاس شروع ہوا تو ممبران نے معاملہ اٹھایا کہ وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم درانی کمیٹی کے گزشتہ تین اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے۔ سیکرٹری وزارت شاہ رخ ارباب نے کمیٹی کو بتایا کہ وفاقی وزیر بیمار ہیں جسکی وجہ سے وہ اجلاس میں نہیں آسکے، اس پر کمیٹی کی رکن طاہرہ اورنگ زیب نے کہا اگر وفاقی وزیرکی طبیعت ٹھیک نہیں تو ہم ان کے گھر پر اجلاس رکھ لیتے ہیں اسطرح ان کی بیمارپرسی بھی کرلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن