لاہور ہائیکورٹ نے کلائمیٹ چینج کمشن کے قیام سے متعلق تجاویز طلب کر لیں
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف دائر درخواست پرکلائمیٹ چینج کمیشن کے قیام سے متعلق تجاویز طلب کرلیں۔فاضل عدالت نے محکمہ موسمیات سے گزشتہ سنتالیس برس کا موسمیاتی تبدیلی کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار اصغرلغاری نے موقف اختیار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے موسم تبدیل ہو رہے ہیں۔موسمیاتی تبدیلیوں سے بارشوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے سیلاب کی شدت بڑھ گئی ہے۔ عدالتی حکم پر وزارت ماحولیات کے جوائنٹ سیکرٹری سجاد بھٹہ نے نیشنل کلائمیٹ چینج پالیسی 2013پر عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی.انہوں نے کہا کہ گرین ٹیکنالوجی کے بغیر ماحولیاتی افریت سے نہیں نمٹا جا سکتا.وزارت پانی و بجلی کے افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملک میں سیلابوں سے نمٹنے کے لئے سات بڑے اور چھتیس درمیانے درجے کے ڈیم بنانے کی فوری ضرورت ہے۔