• news

فتح کے پچاس سال مکمل یوم دفاع آج جوش و خروش سے منایا جائیگا : ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے : صدر‘ وزیراعظم‘ آرمی چیف

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خبر نگار + سپیشل رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) 1965ءکی جنگ کے 50 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں آج یوم دفاع انتہائی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ آج صبح نو بجکر 29 منٹ سے 9 بجکر 30 منٹ تک ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس دوران تمام سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک رک جائے گی۔ ٹی وی ریڈیو ایک منٹ کی خاموشی کے بعد قومی ترانہ پیش کریں گے۔ ملک بھر میں تقریبات ہونگی اور 1965ءکے شہداءکے لئے خصوصی دعا ہوگی اور مقررین غازیوں کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر صبح آٹھ بجے سے دوپہر دوبجے تک راولپنڈی اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں موبائل سروس بند رہے گی۔ لاہور فورٹریس سٹیڈیم میں توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ یوم دفاع پر اپنے پیغامات میں سیاسی اور عسکری قیادت نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کےلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن کے فروغ کا خواہاں ہے تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کےلئے مسلح افواج پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں‘ ملکی کی سلامتی اور استحکام کےلئے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیا جائے گا، اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کی بقائ‘ سلامتی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے والوں اور اس کے تحفظ کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کریں۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے پیغام میں وطن عزیزکی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی اور بقاءکو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کےلئے پوری قوم یکجان اور متحد ہے، مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور جدت کیلئے کوشاں رہیں گے، پاکستان ایک پُرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر پُرامن اورخوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں تاہم دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں۔ ہم پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ وزیراعظم نے یومِ دفاعِ پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مسلح افواج، قومی ہیروز اور شہداءکو بھرپور اندار میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آج ہم اُن یادگار لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں جب ہماری بہادر مسلح افواج اور قوم نے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ”ضربِ عضب“ آپریشن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے سیاسی و عسکری قیادت نے جس مثالی یک جہتی کا مظاہرہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ پاکستانی قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کےلئے پُرعزم ہیں۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان ملکی تاریخ کا شاندار اور یاد گار دن ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ آج قوم مسلح افواج کے ہمراہ یوم دفاع اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ مادر وطن کے وقار، قومی سلامتی اورسرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ گورنر پنجاب، خیبر پی کے اور گورنر بلوچستان نے بھی یوم دفاع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ مادر وطن کے وقار اور دفاع کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا وہ یادگار اور ناقابل فراموش دن ہے جس دن پاکستانی قوم نے اپنی جری، غیور اور دلیر فوج کے شانہ بشانہ ملک کی سالمیت اور حرمت کیلئے شجاعت اور بہادری کی وہ داستان رقم کی جس کی بازگشت آج بھی تاریخ کے ایوانوں میں گونج رہی ہے۔ وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے کہا ہے کہ ماہ ستمبر کو پاکستان کی تارےخ مےں اےک خاص مقام حاصل ہے۔ ستمبر1965ءکی جنگ مےں پاک افواج نے پاکستان پر جارحےت کرنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دےا اور اسے پسپائی پر مجبور کےا ۔ وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار پاک فوج کے افسروں اورجوانوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک مےں ملاےا۔ پاک افواج نے دفاع وطن کی جنگ مےں جرا¿ت، شجاعت اور بہادری کی ایسی لازوال داستانےں رقم کیں تاریخ عالم اس کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے۔ آج بھی پاک افواج اےک بار پھر وطن عزےز کے استحکام اور ملک کی بقا کےلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ مےں بہادری کی نئی تارےخ رقم کر رہی ہیں۔ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کر کے اسے امن وسلامتی کا گہوارہ بنانے کےلئے افواج پاکستان کے افسران اور جوان بےش قےمت قربانےاں دے رہے ہےں ستمبر 1965ءکی جنگ پاکستان کی دفاعی تارےخ کا روشن باب ہے۔ دشمن کی جارحےت کا پوری قوت سے منہ توڑ جواب دےا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اوراتحاد کا عملی ثبوت دےاتھاآج پھر اسی قومی اتحاد اورجذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کےخلاف جنگ مےں پوری قوم متحد اور یکسو ہے۔ انشاءاللہ قوم کے اتحاد کی قوت سے ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرےں گے۔ دریں اثناءآرمی چیف راحیل شریف نے کہا ہے کہ 6ستمبر ہمارے وقار کا دن ہے۔ یوم دفاع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پچاس سال قبل چھپ کر وار کرنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی جدید پیشہ وارانہ فوج میں ہو رہا ہے۔ 13سال سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ آئی ڈی پیز جلد اپنے علاقوں میں امن سے زندگی گزاریں گے، وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آپریشن ضرب عضب جلد اپنے اہداف حاصل کر لے گا، آپریشن ضرب عضب نے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔ دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی منانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ آج یادگار شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب ہو گی۔ پاک فوج سے قوم کے ساتھ ملکر 1965ءکی فتح کا جشن منا رہی ہے۔ قوم میں 1965ءوالا جذبہ آج بھی برقرار ہے۔ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے قوم سے مل کر 1965ءکی جنگ میں بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے تھے، 1965ءکا جذبہ آج بھی اسی طرح قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط، مستحکم اور خوشحال ہو رہا ہے پورا پاکستان 1965ءکی جنگ میں فتح کا جشن منا رہا ہے۔ یوم دفاع مسلح افواج اور قوم کیلئے فخر کی علامت ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 1965ءمیں پاک فوج نے قوم کیساتھ ملکر بڑے دشمن بھارت کو شکست دی اور اس کے ناپاک عزائم خان میں ملا دئیے تھے۔ شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مرکزی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہو گی، آرمی چیف بھی شرکت کریں گے۔ دریں اثناءچیف آف دی ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل سہےل امان نے ےوم دفاعِ پاکستان کی پچاسوےں سا لگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ تمام اہلِ وطن کو فخرو اعزازکے مخصوص جذبات مےں شرےک کرنا باعث مسرّت ہے۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ قوم متحد ہے، دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم کا جذبہ قابل دید ہے۔ آئے دن ورکنگ باﺅنڈری کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، یوم دفاع کے شو کی فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فوج قوم کے ساتھ ملکر ملک کا دفاع کرتی رہے گی، دشمن نے میلی نظر سے دیکھا تو قوم چھوڑے گی نہیں، دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ جاری ہے بہت سارے غازی پنڈال میں ہوں گے، جوانوں کا جذبہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے۔ 50 ویں یوم دفاع پر سیاسی رہنماﺅں نے وطن عزیز کے دفاع پر پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی ملک کو 1965ءوالے جذبہ کی ضرورت ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں آج 6 ستمبر 1965ءکا جذبہ اپنے اندر پیدا کرنا چاہئے تاکہ ہم اپنے حقیقی دشمن دہشت گردوں اور انتہاپسندوں سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما ہوسکیں۔ آج کے دن ہم اپنے پاکستانی عوام کو متحد ہونے پر اور فوج کو وطن عزیز کا بہادری اور جانفشانی سے دفاع کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم آج کے دن ان شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ وطن کے دفاع کیلئے پیش کردیا۔ آئیں آج کے دن ہم عہد کریں کہ پاکستان کو ایک معتدل جمہوری، برداشت کرنیوالا اور امن پسند ملک بنائیں گے جہاں سیاسی انتخاب ووٹ کی پرچی سے ہوگا نہ کہ طاقت سے۔ قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ اور سیاسی و معاشی استحکام کےلئے 6 ستمبر 1965ءوالے قومی جذبے کی ضرورت ہے۔ صدر پےپلز پارٹی پنجاب منظور احمد وٹونے ےوم دفاع پر پےغام مےں کہا ہے کہ پاکستانی قوم پاک فوج کو 6 ستمبر 1965ءمےں ہندوستان کی جارحےت کا دندان شکن جواب دےنے پر سلام پےش کرتی ہے۔اگر دشمن نے دوبارہ جارحےت کی حماقت کی تو اسکو اےسا سبق سکھاےا جائیگا جس سے اس کی آئندہ نسلےں بھی ےاد رکھےں گی۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان شہداءکی امانت ہے اور آپریشن ضرب عضب قوم کا عزم امن ہے، جنگوں میں اسلحہ نہیں قوموں کا جذبہ لڑتا ہے اور یہ جذبہ ستمبر 1965ءکی جنگ میں پوری دنیا نے دیکھا۔ جماعت اسلامی کے ڈاکٹر سید وسیم اختر اور قائم مقام سیکرٹری جنرل راﺅ ظفر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اور عسکری قیادت کی جانب سے بھارت کے جارحانہ عزائم کا منہ توڑ جواب دینے کا بیان خوش آئند ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے 20کروڑ پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کی بلکہ ہندوستان کو آئینہ بھی دکھایا ہے، ملک و قوم کو بھارتی عزائم کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے 1965ءسے والا جذبہ چاہئے۔ عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی افواج نے ہمیشہ دفاع وطن کا فریضہ بخوبی سرانجام دیا۔ 6ستمبر کا دن ہمارے فوجی جوانوں کی شجاعت اور بہادری کا امین ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔ پوری قوم ملک میں قیام امن کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسرحافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جارحیت کرنے والا بھارت یاد رکھے کہ پاکستانی قوم میں 65ءکا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔18کروڑ عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں‘بھارتی سازشیں بے نقاب ہورہی ہیں اور ملک میں امن وامان قائم ہو رہا ہے۔ وہ فیصل آباد میں خطاب کر رہے تھے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ءہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے کہ جب پاکستان کو شاندار اور تاریخی فتح حاصل ہوئی اور پاکستانی فوج نے غیور قوم کے ساتھ ملکر دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دئیے تھے۔ دریں اثناءسربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، حکومت جہاد کا اعلان کرے، سرحدوں پر پہلی صف میں کھڑے ہوکر بھارتی فوج کے دانت کھٹے کر دینگے۔ پاکستان کا بچہ، بچہ ملک کی سلامتی کیلئے قربان ہونے کو تیار ہے، قادیانی بیرونی طاقتوں کے اعلیٰ کار اور پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائرپورٹ پر استقبال کیلئے آئے ہوئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ دفاع وطن کا تقاضا ہے کہ نظریہ پاکستان اور اسلامی سوچ کو فروغ دے کر ملک سے دہشت گردی اور تکفیری سوچ کا خاتمہ کی جائے۔ اسلامی یکجہتی کونسل کے چیئرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا ہے کہ یوم دفاع منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے سیاسی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سفارتی تعلقات کو بروئے کار لائیں۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی ہدایت پر سنی اتحاد کونسل آج 6ستمبر کو یوم دفاع جوش و خروش سے منائیگی ۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان 1965ءکی جنگ کے فوجی شہداءکے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج 50برس بعد بھی شہدائے وطن کی قربانیاں ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، 6ستمبر 1965ءکا عظیم دن پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا ہوا ہے۔

لاہور/ کراچی/ کوئٹہ/ پشاور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) یوم دفاع سے ایک روز قبل لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام بناتے ہوئے 9 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے جبکہ بھاری ہتھیار بھی برآمد کئے گئے۔ گرفتار کئے گئے دہشت گردوں میں تین ”را“ کے ایجنٹ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز سکےورٹی فورسز نے کوئٹہ میں ایک خطرناک دہشت گرد کی موجودگی پر ایک انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا جس میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ریمورٹ کنٹرول آئی ای ڈی، مارٹر گولے، نٹ بولٹ، پستول سمیت 6 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گرد نے یوم دفاع کے موقع پر بڑی دہشت گرد کارروائی کرنی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے بھارتی ایجنسی ”را“ سے تعلق کا اعتراف کرلیا ہے۔ ادھر پشاور کے علاقے متھرا کے قریب نیو رِنگ روڈ سے محکمہ انسداد دہشت گردی کی سپیشل پولیس یونٹ نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 5 کلو وزنی ریمورٹ کنٹرول بم برآمد کر لیا اور تین ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا۔ فورسز کے مطابق ہدایت اللہ، ثناءاللہ اور نور اللہ پشاور میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور یوم دفاع کے موقع پر پشاور میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ دریں اثناءپاکستان رینجرز سندھ نے کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بناتے ہوئے لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ سندھ رینجرز نے ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شہری کی نشاندہی پر لانڈھی کے علاقے میں واقع البرق جیم خانہ پر سرجیکل آپریشن کیا۔ علاوہ ازیں رینجرز اور پولیس نے اسلام آباد کے علاقے فراش ٹاﺅن میں مشترکہ کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ کارروائی میں 3 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ اسلحہ میں 78 گنیں، 3 ہزار گولیاں، 3 خنجر اور ایک دوربنی شامل ہے۔دریں اثناءپولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب کارروائی میں دو ملزموں کو حراست میں لیکر پک اپ سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ یہ دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ ہیں۔ پولیس کے مطابق اسلحہ علاقہ غیر سے لاہور لایا جا رہا تھا۔ ملزمان شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اسلحہ میں 25 ہزار گولیاں بھی شامل ہیں۔ زیرحراست افراد کی شناخت نور خان اور مثل خان کے نام سے ہوئی ہے۔
دہشت گردی/ منصوبہ ناکام

ای پیپر-دی نیشن