ہر طرح کی جنگ کیلئے تیار ہیں‘ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا وقت آگیا : آرمی چیف
راولپنڈی (نوائے و قت رپورٹ+ نیو ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ جنگ روایتی ہو یا غیر روایتی، ”ہاٹ سٹارٹ“ ہو یا ”کولڈ سٹارٹ“ ہم تیار ہیں، پاکستان شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی وجہ سے محفوظ ہے، پاکستانی میڈیا نے دہشت گردوں کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا، آج پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط، قوم پہلے سے زیادہ پرعزم ہے، دہشت گردوں کے مددگاروں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست اور ریاست کی بالادستی قائم ہوگئی ہے، پاک فوج اقتصادی راہداری کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کردار ادا کرے گی، افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، امن دشمن طاقتیں افغانستان میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہیں، امن دشمن قوتیں اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گی، انہوں نے کہا کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں، فخر ہے کہ جنگی اعتبار سے دنیا کی سب سے بہترین فوج کا کمانڈر ہوں، پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ہم اپنے شہیدوں کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دشمن نے اگر کبھی چھوٹے یا بڑے پیمانے پر جارحیت کی تو اسے بھرپور طاقت سے جواب ملے گا اور اسے ناقابل برداشت بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ یوم دفاع خاص اہمیت کا حامل ہے۔ 6 ستمبر ہماری تاریخ میں روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس روز پوری قوم اور مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ آج ہمارے درمیان جنگ ستمبر کے غازی بھی موجود ہیں۔ پاکستان آج پہلے سے زیادہ مضبوط اور پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ پرعزم ہے۔ پاکستان کو گذشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی اور غیر روایتی جنگ کا سامنا ہے۔ دہشت گردوں کا اصل چہرہ قوم کو دکھانے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سانحہ پشاور ظلم اور بربریت کی انتہا تھی سانحہ پشاور میں ملوث زیادہ تر دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ فاٹا کے محب وطن بھائیوں کی قربانیوں پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ راہداری منصوبہ پاکستان اور خطے کے لئے بہت اہم ہے۔ اقتصادی راہداری کو مکمل کرنا قومی فریضہ ہے۔ جنرل راحیل نے کہا وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو کشمیری عوام سات دہائیوں سے ظلم سہہ رہے ہیں۔ پاک فوج کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج روایتی یا غیر روایتی ہر قسم کی جنگ کیلئے تیار ہے۔ آپریشن ضرب عضب شروع کیا تو امن کی صورتحال انتہائی خراب تھی، آئی ڈی پیز کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے کوشش ہے کہ یہ لوگ جلد اپنے گھروں میں واپس جا کر زندگی کا آغاز کر سکیں۔ ریاست کے تمام اداروں کو نیشنل ایکشن پلان پر خلوص نیت سے عمل کرنا ہو گا۔ کراچی اور بلوچستان میں سول ملٹری کوششوں سے امن قائم کرنے میں کامیابی ہوئی۔ ہماری تمام کوششوں کا محور نوجوان نسل ہے جو ملک کا مستقبل ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف ہماری کوششوں نے عالمی امن میں اہم کردار ادا کیا۔ ملک دشمن قوتیں کبھی اپنے ناپاک مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ خصوصی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئرچیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ، وفاقی وزراءخواجہ آصف، اسحق ڈار، پرویز رشید، عبدالقادر بلوچ، چیئرمین سینٹ رضا ربانی، ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبدالغفور حیدری، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ، رحمن ملک، نوید قمر، شیخ رشید سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں، وسیم اکرم، احمد شہزاد، اظہر علی، شعیب ملک، شنیرا اکرم سمیت دیگر کرکٹرز، پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) اشفاق پرویزکیانی، مرزا اسلم بیگ سمیت اہم ملکی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر جی ایچ کیو کے اطراف سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ تقریب میں سب سے پہلے قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ پوری تقریب میں روح پرور اور لہو کو گرما دینے والے ملی نغموں نے شرکاءپر سحر طاری کئے رکھا۔
آرمی چیف