• news

کوئٹہ : پانچ دہشت گرد گرفتار‘ چار نعشیں برآمد‘ گلگت پولیس چوکی پر حملہ اسلحہ چھین لیا‘ اسلام آباد سے خودکش جیکٹ برآمد

کوئٹہ + گلگت + اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ میں یوم دفاع کے موقع پر دہشت گردی کا ایک اور بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ گلگت میں پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے مسلح افراد سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔ کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمدکرلیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقوں کیچی بیگ اور برما ہوٹل کے قریب یوم دفاع کے موقع پر دہشت گردی کےلئے چھپایا گیا اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد یوم دفاع کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے۔ ادھر گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس چوکی پر حملہ کیا۔ واقعہ گذشتہ رات خیبر پی کے اور گلگت بلتستان کو ملانے والی تحصیل پھنڈر کے نالہ چھسنی میں پیش آیا۔ سکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس 12 کے قریب مسلح افراد نے پولیس چوکی میں داخل ہوتے ہی پولیس اہلکاروں کو رسیوں سے باندھ دیا اور پولیس کے موبائل سمیت مختلف قسم کے سرکاری اسلحے اور کارتوس اپنے ساتھ لے گئے۔ چوکی پر 10 اہلکار تعینات تھے مگر شدت پسندوں کے حملے کے وقت صرف سات پولیس اہلکار موجود تھے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے کہا ہے کہ طالبان نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ اسلام آباد کے علاقے ترنول سے خودکش جیکٹ برآمد کر لی گئی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سرائے خربوزہ کے مقام پر خودکش جیکٹ برآمد ہوئی۔ دریں اثناءپشاور پولیس نے کینٹ سرکل کے 6تھانہ جات کے حدود میں مختلف کارروائیوں کے دوران 3 اشتہاری مجرمان سمیت 11افغان مہاجرین، 6 غیرقانونی رہائش پذیر اور 15 جرائم پیشہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ دریں اثناءتربت میں فرنٹیر کور اور حساس ادارے نے کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ایف سی نے گرفتار دہشت گرد سے تفتیش شروع کردی اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ادھر پنجگور میں فرنٹیئرکور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران 5مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں سوراب کے علاقے سے لیویز فورس نے 4افراد کی گولیوں سے چھلنی تشدد زدہ نعشیں قبضے میں لے لیں۔ اسسٹنٹ کمشنر جلال الدین خان کاکڑ نے بتایا کہ اتوار کو لیویز کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ سوراب کے علاقے کلغلی میں 4نامعلوم افراد کی نعشیں پڑی ہوئی ہیں جس پر لیویز نے انکی قیادت میں موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعدشناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ چاروں افرادکو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے جن کی عمریں 25سے 50سال کے درمیان ہیں۔ لیویز مزید کارروائی کر رہی ہے۔
سرچ آپریشن

ای پیپر-دی نیشن