امریکی کار ریسر کی بالادستی ختم: سلطان گولڈن نے37 میٹر کا ریورس جمپ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
سوات (آن لائن) عالمی شہر ت یافتہ پاکستانی کار ریسر سلطان گولڈن نے امریکن کار ریسر کا عالمی ریکارڈ توڑ کر 37میٹر کار ریورس جمپ لگاکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سلطان گولڈن نے امریکن کار ریسر جس نے سلطان گولڈن کا 27میٹر لمبی کار ریورس جمپ جو 2011ء توڑ دیا تھا سلطان گولڈن نے گزشتہ روز دوبارہ کالام کی حسین وادی میں 37میٹر کار ریورس جمپ لگاکر توڑ دی اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کردیا۔ سلطان گولڈن نے جمپ لگانے سے قبل دو رکعت نفل ادا کی اور گرائونڈ کا چکر لگایا موقع پر موجود وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اور جی او سی سوات میجر جنرل نادر خان اور دیگر حاضرین نے اُس کو مبارکبادی اور اُس کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے سلطان گولڈن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے حکومت پاکستان سے گلہ ہے جو مجھے سپورٹ نہیں کررہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اگر حکومت مجھے سپورٹ کرے تو میں اس سے بھی زیادہ ریکارڈ قائم کرسکتا ہوں۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت لاہور کے قریب مجھے ٹریننگ سنٹربنانے کیلئے اقدامات اُٹھائے تو میں پاکستان کو کئی سلطان گولڈن دے سکتا ہوں۔