• news

بھارت نے حملہ کیا تو فیصلے میدانوں میں ہونگے‘ جنگ 65ءکی طرح منہ توڑ جواب دینگے: حافظ سعید

لاہور+ قصور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جماعة الدعوة کے زیراہتمام جلوموڑ پر گزشتہ روز دفاع پاکستان کانفرنس ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی و سیاسی رہنماﺅں نے کہا کہ سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری پر فائرنگ اور محدود جنگ کی دھمکیوں کے بعد حالات بدل چکے، حکمران دوستی اور مذاکرات کی باتیں چھوڑ کر بھارت سے صاف کہہ دیں کہ وہ بارڈر پر جنگ لیکر آیا تو فیصلے میدانوں میں ہوں گے اور اس کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارت سے مسئلہ کشمیر پر بھی کھری اور دوٹوک بات کی جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ آج پاکستان میں بیٹھ کر بھارت کے گن گانے والے بھارتی جنرل کی کتاب میں اس وقت کے وزیر دفاع کے اقتباسات پڑھ لیں جن میں واضح طور پر 65ءکی جنگ میں شکست کا اعتراف کیا اور لکھا ہے کہ لاہور پر حملہ کرنے والا بھارتی کمانڈر اپنی جیپ چھوڑ کر کماد کی فصل میں چھپ گیا اور گاڑی میں موجود تمام حساس دستاویزات پاک فوج کے ہاتھ لگ گئیں۔ انہوں نے کہا پاک فضائیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے بھارت کے اندر جاکر جنگ لڑی۔ بھارت کے پاس اس وقت سب سے زیادہ طیارے وہ تھے جن کا نام ”فینٹم“ تھا۔ آج اسی نام سے فلم بنانے والوں نے جنگ ستمبر کی تاریخ کا مطالعہ کیا ہوتا تو انہیں معلوم ہوتا کہ پاکستانی فضائیہ نے ان طیاروں کا کیا حشر کیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان میں بیٹھ کر بھارت کی زبانیں بول رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ بھارت چلے جائیں یہاں انہیں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ 71ءمیں جو کچھ ہوا اور جس طرح مکتی باہنی بنا کر مشرقی پاکستان میں فوج کشی کی گئی جس کا کریڈٹ آج مودی لے رہا ہے‘ وہ سازش تھی ہم اسے جنگ نہیں مانتے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ 65ءمیں ہی ہوئی تھی۔ 71ءمیں جنگ کا بہت بڑا کردار امریکہ اور مغرب کا تھا جنہوں نے بھارت کو کھل کھیلنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر حملہ کیا تو فیصلے میدانوں میں ہوں گے اور اس کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت سے یکطرفہ دوستی و تجارت کی ضرورت نہیں اس کی دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اہلحدیث کے امیر عبدالغفار روپڑی نے کہاکہ 65ءمیں بھارتی فوج لاہور میں ناشتہ کرنا چاہتی تھی لیکن اس کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔ متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا کہ اب پاکستان نہیں بھارت کے ٹوٹنے کی باری ہے۔ خالصتان بن کر رہے گا۔ دریں اثناءقصور میں یوم دفاع کے حوالے سے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ حکمرانوں نے سیز فائر لائن کو لائن آف کنٹرول تسلیم کرنے پر رضامندی ظاہر کرکے سنگین غلطی کی، میں ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فائرنگ کو اعلان جنگ سمجھتا ہوں، نریندر مودی جان لے کہ اگر اس نے محدود اور لا محدود جنگ چھیڑی تو بھارتی افواج سرحدوں پر ہو گی مگر جنگ انڈیا کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں لڑی جائے گی۔ جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب شروع کرکے بھارتی نیندیں حرام کر دی ہیں، بھارت نے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے دستور میں ترمیم کرکے جمو و کشمیر کو اپنا حصہ قرار دے دیا ہے ہم جہاد کے ذریعے کشمیر آزاد کروا کر پاکستان کا حصہ بنائیں گے۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن