• news

نارنگ‘ ننکانہ‘ اوکاڑہ‘ شرقپور‘ کوئٹہ میں چھاپے‘ 5 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد‘ 12 گرفتار

نارنگ منڈی+ اوکاڑہ+ ننکانہ+ شرقپور شریف+ کوئٹہ (نامہ نگاران+ بیورو رپورٹ) نارنگ، اوکاڑہ، ننکانہ، شرقپور اورکوئٹہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے چھاپے، 5 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد جبکہ 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک کے افسروں نے چوک دیپالپور میں دوران چیکنگ پانچ ہوٹلوں پر چھاپے مار کر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے پانچ افراد راشد، محمد بلال، محمد اقبال کو موقع پر پکڑ لیا جبکہ ایک ملزم محمد اسماعی فرار ہو گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک نے نارنگ منڈی کے نواحی گائوں گندووال میں چھاپے مار کر دو قصابوں محمد ریاض اور محمد سعید سے مردہ جانوروں کا گوشت برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمان مضر صحت گوشت لاہور ہوٹل میں سپلائی کرتے تھے۔ محکمہ لائیو سٹاک ننکانہ صاحب کے عملہ نے تحصیل موڑ ننکانہ صاحب پر چھاپہ مار کر ایک قصاب یاسر کو مضر صحت گوشت فروخت کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ملزم کو 2 ہزار روپے جرمانہ سنا دیا۔ محکمہ صحت کی چھاپہ مار ٹیم نے تین ملزمان جمیل احمد، محمد ندیم وغیرہ کو مضر صحت اور مادہ جانوروں کا گوشت فروخت کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ملزمان کے قبضہ سے 3 من سے زائد گوشت قبضہ میں لیکر ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانہ میں درخواست دے دی ہے۔ شرقپور شریف میں انچارج ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر سرفراز الرحمان، محمد آصف محبوب، امان اللہ سرفراز انشاط اور محمد جمیل گلزار محمد یٰسین نے نواں پنڈ میںعوامی شکایت پر بڑا گوشت کی دکان میں چھاپہ مارا تو محمد منشاء قصائی جو بغیر تصدیق مہر کے گوشت فروخت کررہا تھا ٹیم نے رنگے ہاتھوں پکڑکر گرفتار کرلیا اور 16 کلو بڑا گوشت کو قبضہ میں لے کر دوائی ڈال کرتلف کردیا گیا۔ بعدازاں منشاء قصائی کو جب گرفتار کرکے دفتر لایا گیا تو ناقص سکیورٹی کے باعث ٹیم سے فرار ہوگیا۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق ژوب سلاٹر ہاوس انچارج اور ای آئی کے ڈاکٹر ڈاکٹر نصیب اللہ نے بازار میں اچانک میٹ شاپس پر چھاپہ مار کر 2 من انتہائی مضر صحت گوشت برآمد کرلیا اُور اس میں ملوث دو افراد رمضان اور انعام اللہ کو موقع پر گرفتار کرکے دکانیں سیل کردی اس دوران انعام اللہ موقع پاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ اسلام آباد سے آن لائن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بھی پنجاب کے طرز پر مضر صحت اور حرام گوشت کا مکروہ کاروبار کرنے والوں کے خلاف سی ڈی اے کے شعبہ ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ نے ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ممبر ایڈمن عامر علی احمد کی ہدایت پر ڈائریکٹر ہیلتھ حسن عروج نے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

ای پیپر-دی نیشن