بلدیاتی انتخابات: اندرون سندھ پی پی سے مقابلے کے لئے ہم خیال جماعتوں کے رابطے
کراچی (رپورٹ: شہزاد چغتائی) آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اندرون سندھ پیپلزپارٹی کے ساتھ ون ٹو ون مقابلے کے لئے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے شروع ہوگئے اور بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میںسندھ کے 8 اضلاع سے پیپلزپارٹی کو ناک آئوٹ کرنے کے لئے سندھ کی اہم سیاسی جماعتوں، طاقتور شخصیات نے سر جوڑ لئے جس کے ساتھ پیپلزپارٹی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے اور پیپلزپارٹی کی صفوں میںکھلبلی پائی جاتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے مخالف سیاسی حلقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سکھر، لاڑکانہ، قمبر، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن کمزور ہے۔ پیپلزپارٹی کے ان کمزور لمحات سے فائدہ اٹھانے عمران خان سندھ آئے تھے جس پر پیپلزپارٹی کے حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی لیکن عمران خان جلسہ ناکام ہونے سے ان کے غبارے سے ہوا نکل گئی اس دوران پیر پگارا میدان میں آگئے ہیں اور انہوں نے پیپلزپارٹی کو سبق سکھانے کے لئے رابطے کئے ہیں۔