• news

حافظ آباد: عمران کے جلسہ میں نچانے پر ریچھ چڑیا گھر منتقل، مالک حوالات میں بند تحریک انصاف کے رہنماؤں کی مذمت

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) عمران خان کے گذشتہ روز جلسہ میں ناچنے والے ریچھ اور اس کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔ ریچھ چڑیا گھر لاہور منتقل جبکہ مالک کو تھانہ سٹی کی حوالات میں بند کر دیا۔ گذشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حافظ آباد آمد کے سلسلہ میں ٹھٹھہ کھوکھراں کے رہائشی شوکت علی قلندر پی ٹی آئی کے استقبالی کیمپ اور میونسپل سٹیڈیم میں قائم جلسہ گاہ میں اپنے ریچھ کو بھی لے آیا جہاں ریچھ نے مختلف کرتب دکھائے۔ بعدازاں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے شوکت علی کے گھر چھاپہ مار کر اُسے گرفتار کر لیا جبکہ ریچھ کو چڑیا گھر لاہور منتقل کر دیا۔گرفتار ہونے والے شوکت علی کا کہنا ہے کہ اُس نے بڑی مشکل سے ریچھ کو پالا تھا اور اسی سے وہ اپنا روزگار بھی چلا رہا تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے افسران کا کہنا ہے کہ ریچھ کو پالنا اور رکھنا غیر قانونی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوکت علی قلندر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن