خانقاہ ڈوگراں‘ قلعہ دیدار سنگھ میں حادثات‘ 3 مسیحی نوجوان اور میاں بیوی ہلاک
خانقاہ ڈوگراں+ قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگاران) خانقاہ ڈوگراں اور قلعہ دیدار سنگھ میں ٹریفک حادثات، 3 میں نوجوان اور میاں بیوی ہلاک ہو گئے۔ خانقاہ ڈوگراں کے نواحی گائوں مریم آباد میں میلہ میں شرکت کیلئے آنے والے تین زائرین کی دو موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرانے سے تینوں زائرین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ مسیحی نوجوان ڈیوڈ عرف بلا گرین ٹائون لاہور کا رہائشی تھا جبکہ دونامعلوم زائرین کی نعشیں انکے ساتھی اپنے ساتھ لاہور لے گئے۔ ڈیوڈ عرف بلا کی نعش مقامی دیہی مرکز صحت سے اسکے ساتھ موٹرسائیکلوں پر آنیوالے اسکے ساتھی زائرین پک اپ میں ڈال کر اسکی رہائشگاہ واقع گرین ٹائون لے گئے۔ علاوہ ازیں قلعہ دیدار سنگھ میں نوعمر ٹریکٹر ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیاجس سے خاوند موقع پر جاں بحق جبکہ بیوی ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ گزشتہ روز کوٹ اسحاق کا رہائشی مشتاق احمد موٹرسائیکل پر اپنی بیوی کے ہمراہ کہیں جارہا تھا کہ نوعمر ٹریکٹر ڈرائیور خرم نے انہیں کچل دیا۔