• news

خیبر ایجنسی: امن لشکر کے 5 رضا کار اغوا کے بعد قتل‘ گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد

خیبر ایجنسی+ کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں/ بیورو رپورٹ) خیبر ایجنسی کے علاقے قمبر خیل میں امن لشکر کے 5 رضا کاروں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا ہے،گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد کر لی گئیں۔ ڈیرہ الہ یار میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز خیبر ایجنسی کے علاقے قمبر خیل میں گزشتہ روز اغوا کئے گئے 5 رضا کاروں کی نعشیں ملی ہیں۔ کالعدم تنظیم لشکر اسلام نے ان رضا کاروں کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان پانچ رضا کاروں کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے رضا کاروں کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قمبر خیل کے علاقے سے 5 رضا کاروں کی نعشیں ملی ہیں جو بری طرح گولیوں سے چھلنی تھیں، نعشیں ڈسٹرکٹ ہسپتال پشاور منتقل کر دی گئیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشوں کے ان کے لواحقین کے حوالے کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں باجوڑ ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ٹرک سے بارودی اور بم بنانے کا سامان سے بھرے 94 بیگ برآمد کر لئے گئے باجوڑ ایجنسی میں حساس اداروں کی اطلاع پر پولیٹیکل انتظامیہ نے تحصیل خار میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور انہوں نے ٹرک کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں بارود اور سامان برآمد کرکے ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو گرفتار کرکے ٹرک تحویل میں لے لیا گیا۔ ادھر ڈیرہ الہ یار کے صحبت پور چوک پر موٹرسائیکل سوار فائرنگ سے پولیس تھانہ شہید ملک محمد علی کے ہیڈ محرر رضا علی پلال اور راہگیر مشرف علی شدید زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار محمد داؤد کھوسہ نفری کے ہمراہ پہنچ کر زخمیوں کو سول ہسپتال ڈیرہ الہ یار پہنچا دیا گیا۔ علاوہ ازیں گوادر کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے عملے نے 37 پاکستانی باشندوں کو حراست میں لے لیا جو غیر قانونی طور پر ایران کے راستے جانا چاہتے تھے۔ گوادر کے علاقے نیلنٹ زیرو پوائنٹ کے علاقے میں واقع چیک پوسٹ پر مختلف مسافر بسروں سے 28 صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے جبکہ 9 صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا ادھر فرنٹیئر کور کے عملے نے سوراب اور آواران میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناکر ایک دوسری کارروائی میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ سوراب کے علاقے میں نامعلوم تخریب کاروں کی جانب سے سڑک کے کنارے نصب کی گئی دیسی ساختہ آئی ای ڈی برآمد کرکے ناکارہ بناکر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے پنجگور میں فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے پنجگور کے علاقے گراری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ادھر چمن میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد بم دھماکوں میں ملوث تھا۔

ای پیپر-دی نیشن