ڈاکٹر عاصم نے اپنے میڈیکل کالج کو خلاف ضابطہ 50 اضافی نشستیں دلوائیں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں انکشاف
کراچی (این این آئی)سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے گرفتار چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے اپنے ہی کالج کو نوازے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ضیا الدین میڈیکل کالج کو 2007ء میں خلاف ضابطہ 50 اضافی نشستیں دی گئیں۔ یہ انکشاف آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ اضافی نشستوں کی منظوری کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے دی۔ عاصم حسین اس وقت ایگزیکٹو کونسل کے قائم مقام صدر و وائس چیئرمین تھے۔ واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے موجودہ سربراہ ڈاکٹر عاصم حسین اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے الزامات کے تحت 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں ہیں۔