• news

بھارت : طوفانی بارشیں‘ سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے 93 افراد ہلاک‘ لاکھوں متاثر

نئی دلی(صباح نیوز)بھارت کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 93 افراد ہلاک جب کہ لاکھوں متاثر ہوئے ہیں حکام کی طرف سے آسام میں 61، آندھرا پردیش میں 23 جب کہ اڑیسہ میں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ سیلاب کی وجہ سے 20 اضلاع میں تقریبا 18 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 277 ریلیف کیمپوں میں تقریبا 2 لاکھ افراد رہ رہے ہیں آسام میں امدادی کاموں میں مقامی انتظامیہ کی مدد کے لیے بھارتی فوج فوج طلب کر لی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے کم دبا نے بھارت کی کئی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ملک بھر میں صرف آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔آندھراپردیش کی حکومت نے آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، یہ اموات نالور، پرکاسم، گنتور، کرشنا، مشرقی گوداوری، اننت پور اور سریکاکولم اضلاع میں ہوئیں۔ ریاست کے وزیراعلی چندر بابو نائیڈو نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 4،4 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ آندھرا پردیش سے ملحقہ ریاست اڑیسہ میں بھی آسمانی بجلی سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دریائے برہم پترا اور اس سے نکلنے والی نہروں میں طغیانی کے نتیجے میں 18 اضلاع کے ایک ہزار 880 سے زائد دیہات کو نقصان پہنچا ہے، سیلابی پانی اپنے ساتھ ناصرف ہزاروں گھروں بلکہ سڑکوں، رابطہ پلوں اور بجلی کے ترسیل کے نظام کو بھی بہا کر لے گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن