حکومت سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پی ایم ڈی سی کا عبوری سیٹ اپ تشکیل دے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں پی ایم ڈی سی سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے قرار دیا کہ اگر عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان کا تقرر سپریم کورٹ کرے گی تو کل عدالت پر بھی انگلیاں اٹھیں گی یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود سٹیک ہولڈر کی مشاورت سے غیر جانب دار سیٹ اپ تشکیل دے ۔انتخابات کروا کر باڈی تشکیل دے جو کونسل کو چلائے ۔چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو ایڈیشل اٹارنی جنرل عامر الرحمن نے عدالت کوبتایا کہ وزیر اعظم نے 28اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق 120دن میں کونسل کے انتخابات کرواکر باڈی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے ،اب چار رکنی عبوری انتظامی کمیٹی تشکیل دینی ہے جو کہ سپریم کورٹ دیتی ہے کیونکہ ان میں سوشل سروس کے علاوہ قانونی مہارت کی بھی ضرورت ہوتی ہے دو ممبران الیکشن کیلئے اور دو ممبران عبوری سیٹ اپ چلاتے ہیں جبکہ انتخابات کے بعد جبکہ سیکشن 7کے تحت پی ایم ڈی سی کی 10رکنی باڈی ہوتی ہے اس میں 5ممبر کونسل،3ممبر ڈاکٹر، ایک ممبر وزارت قانون اور ایک ممبر وزارت خزانہ سے لیا جاتا ہے ،بعد ازاں عدالت نے تمام سٹیک ہولڈر ز کی میٹنگ بلاکر عبوری سیٹ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے۔